تیسرے مورچہ کے لیے مسلمانوں کی تیاری - آل انڈیا مسلم فورم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-09

تیسرے مورچہ کے لیے مسلمانوں کی تیاری - آل انڈیا مسلم فورم

سماج وادی پارٹی کی حکومت مسلمانوں کی بھرپور حمایت سے بنی ہے۔ پارٹی کے سپریمو ملائم سنگھ اس بات کو کئی مرتبہ عوام کے بیچ قبول کرچکے ہیں لیکن اس کے بعد بھی وعدہ وفا کرنے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ یہ باتیں سنیچر کو پریس کلب میں مسلم سماج کے صدر ایم اے حسیب ایڈوکیٹ نے کہیں۔ وہ آل انڈیا مسلم فورم کے حکومت کو وعدہ یاد دلایا سمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے بول رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حالات یہی رہے تو مسلمان چھوٹی چھوٹی جماعتوں کو ملاکر ایک تیسرا مورچہ تیار کرسکتے ہیں۔ ہم لگاتار حکومت کو اس بات کو بتاتے رہے ہیں کہ منشور میں لکھے وعدوں پر اب عمل ہوجانا چاہئے تھا، عمل تو دور کی بات ہے ابھی تک کہیں کوئی خاکہ بھی تیار نہیں کیا جاسکا ہے، یہ بے حد افسوس کی بات ہے۔ آل انڈیا مسلم فورم کے قومی صدر ایم کے شیروانی نے کہاکہ کانگریس 65 برسوں سے مسلمانوں کی مجرم ہے۔ سماج وادی پارٹی کو مسلمانوں نے اس لئے ووٹ دیا کہ اس کے کام بنیں اور کچھ بہتری آئے لیکن یہ تو اپنے وعدوں کو بھول بیٹھے ہیں۔ مسلمان لگاتار سماج وادی پارٹی کے ذمہ داروں کو منشور میں لکھے وعدے یاد دلانے کا کام کررہے ہیں لیکن اس کے باوجودحکومت کے کام کرنے کے طریقہ میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے۔ صرف مسلم دوستی کا دم بھرا جارہا ہے، اصلیت کچھ اور ہے۔ انہوں نے کہاکہ آل انڈیا مسلم فورم اس بات کی شدید مذمت کرتی ہے کہ سماج وادی پارٹی مسلمانوں سے کئے گئے وعدے بھلا بیٹھی ہے۔ آل انڈیا مسلم فورم کے ریاستی صدر ڈاکٹر آفتاب احمد نے کہاکہ مسلمانوں کو صرف خواب دکھاکر اب حکومت کرنا ناممکن ہے وعدے وفا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ بے قصور نوجوانوں کی رہائی کیلئے صرف دکھاوے کی محبت کی جارہی ہے۔ اس کا سب سے بڑا ثبوت رہائی منچ کے لوگ کئی دنوں سے دھرنے پر بیٹھے ہںے لیکن سماج وادی پارٹی کے بڑے لیڈران کی تو بات دور ایک ادنی کارکن بھی موقع پر نہیں پہنچا۔ 2014ء کے انتخاب میں اب زیادہ وقت نہیں ہے مسلمان بھی اس لاپرواہی کا معقول جواب دیں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں