وزیراعظم نواز شریف کا عنقریب دورہ افغانستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-09

وزیراعظم نواز شریف کا عنقریب دورہ افغانستان

پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نوازشریف جلد ہی افغانستان کے دورہ پر روانہ ہوں گے۔ دورہ کا مقصد صدر حامد کرزئی سے ملاقات اور آئندہ سال افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا سے قبل امن بات چیت ہے۔ پی ایم ایل (این) قائد طارق عظیم نے جاریہ ماہ نواز شریف کے دورہ افغانستان کی تصدیق کرتے ہوئے وضاحت کی کہ دورہ کی قطعی تاریخ ابھی مقرر نہیں ہوئی۔ نواز شریف کو حامد کرزئی نے حال ہی میں دورہ افغانستان کیلئے مدعو کیا تھا جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ دورہ کی تاریخ جلد ہی مقرر کی جائے گی۔ طارق عظیم نے بتایاکہ دونوں قائدین تمام مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے جن میں افغان طالبان کے ساتھ بات چیت اور انہیں امن مذاکرات میں شمولیت کی ترغیب بھی شامل ہے۔ صدر حامد کرزئی نے نواز شریف کو مبارکباد دینے کیلئے فون کیا تھا اور بات چیت کے دوران افغان صدر نے انہیں باقاعدہ دورہ کابل کے لئے مدعو کیا۔ نواز شریف نے دعوت قبول کرلی اور ان سے جلد ہی کابل پہنچنے کا وعدہ کیا۔ بعض ذرائع نے بتایا کہ جاریہ ماہ کے اختتام کے قریب دورہ افغانستان متوقع ہے۔ پی ایم ایل (این)ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف کابل کے علاوہ جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

Nawaz Sharif likely to visit Afghanistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں