وزیر اقلیتی بہبود احمد اللہ کا دورہ مکہ مسجد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-21

وزیر اقلیتی بہبود احمد اللہ کا دورہ مکہ مسجد

ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد احمد اﷲ نے آج متعلقہ رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری کے علاوہ مجسلی کارپوریٹرس اور متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ تاریخی مکہ مسجد کا تفصیلی دورہ کیا اور مذکورہ مسجد میں مختلف سہولتوں کا جائزہ لیا اس کے علاوہ مصلیوں کی جانب سے مختلف شکایات کی بھی انہوں نے سماعت کی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے پیش نظر حکومت کی جانب سے تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ میں داغ دوزی، رنگ و روغن کے کاموں کے علاوہ مختلف سہولتوں کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کمشنریٹ کا قیام عمل میں آچکا ہے اور اب اقلیتی کمشنریٹ کے تحت تمام کاموں کا جائزہ لیا جائے گا، انہوں نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے ماہ رمضان کے پیش نظر ایک کروڑ 30 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں جو تاریخی مکہ مسجد میں مختلف تعمیری کاموں کیلئے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ متعلقہ رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری نے مکہ مسجد میں تعمیر و مرمت اور نگہداشت سے متعلق جو نمائندگیاں کی ہیں حکومت نے ان تمام نمائندگیوں کو قبول کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ وزیراقلیتی بہبود نے اس موقع پر موجود بلدی، برقی اور آبرسانی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ماہ رمضان سے قبل تمام مسائل کی یکسوئی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مسجد کے حوض کے کام کی تکمیل کیلئے ایک ہفتہ کا وقت درکار ہے اور اندرون ہفتہ حوض کے تعمیری کام مکمل ہوجائیں گے۔ رکن اسمبلی مجلس احمد پاشاہ قادری نے بتایاکہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید یہاں نماز تراویح ادا کرتے ہیں اور افطار کرتے ہیں، ایسے میں مصلیوں کی سہولت کیلئے مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے حکومت سے مختلف نمائندگیاں کی گئی تھیں، چنانچہ وزیر اقلیتی بہبود نے اسی پیش نظر مکہ مسجد کا دورہ کیاہے، انہوں نے بتایاکہ مکہ مسجد میں پیش آئے بم دھماکہ کے بعد صحن میں موجود حوض میں شگاف پڑنے کی وجہہ سے پانی ختم ہورہا تھا چنانچہ اس حوض کی تعمیر نئے طرز پر شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حوض کی تعمیر پر 10لاکھ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں اور بیت الخلاء کی صفائی کیلئے 4لاکھ روپئے مختص کئے گئے، احمد پاشاہ قادری نے بتایاکہ مکہ مسجد میں سمپ کی تعمیر کے بعد عصری طرز کے بیت الخلاؤں کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی، اس کے علاوہ مسجد میں ہائی ماسٹ لائٹ کو بھی کارکرد بنایا گیا ہے۔ اسی طرح شاہی مسجد باغ عامہ کے لئے جنریٹر کی فراہمی کی بھی مجلس نے نمائندگی کی تھی، احمد پاشاہ قاری نے کہاکہ رمضان کے پیش نظر حکومت نے کوئی خصوصی بجٹ مختص نہیں کیا تاہم مکہ مسجد میں ضروریات کی تکمیل کیلئے مجلس کی نمائندگی پر مختلف کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ قبل ازیں وزیر اقلیتی بہبود کے مکہ مسجد پہنچنے پر مصلیوں نے انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں تاخیری رویہ پر برہمی کااظہار کیا۔ اس موقع پر کلکٹر حیدرآباد مرتضی علی رضوی، ایڈیشنل کمشنر پولیس امیگ گارگ، انچارج ڈی سی پی ساؤتھ زون رنجن کمار، ڈی سی پی ساؤتھ زون ڈاکٹر ترون جوشی، اے سی پی موہن کمار کے علاوہ مجلسی کارپوریٹر محمد غوث، میر ذوالفقار علی اور بلدی، برقی و آبرسانی محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ کانگریسی قائدین رضا حسین آزاد، شاہد پیراں، ڈاکٹر انصاری، محمد حاجی موسیٰ قاسم، محمد اقبال اور محمد کاظم حسین خان بھی موجود تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں