تمام کھلاڑیوں نے حکمت عملی کے ساتھ مظاہرہ کیا - دھونی
کارڈف
(یو این آئی)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے سیمی فائنل مقابلہ میں سری لنکا پر جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ساتھی کھلاڑیوں نے اس میاچ میں کھیل حکمت عملی کے تحت کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔سیمی فائنل میں سری لنکا کو 8 وکٹ سے شکست دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل کی پہلے سے کھیل حکمت عملی تیار کی گئی تھی او ر تمام کھلاڑیوں نے اس پر پابندی کے ساتھ عمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میاچ میں ٹاس جیتنا اہم ثابت ہوا بعد ازاں بولروں نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیا۔ ہندستانی ٹیم نے ٹورنمنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہر کیا ہے امید کی جارہی ہے کہ فائنل میں بھی وہ اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھے گی۔ جمعرات کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں ہندستانی بولروں نے سری لنکا کو 181 رن پر محدود کردیا تھا ۔ اس میاچ میں تمام ہندستانی بولروں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،۔ ایشانت شرما نے 33 رن پر 3 وکٹ حاصل کرکے مین آف دی میاچ کا اعزاز حاصل کیا۔ کپتان دھونی نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے فائنل مقابلے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ایک مضبوط ٹیم ہے لیکن ہندستانی ٹیم پہلے بھی انگلینڈ کے خلاف کھیل چکی ہے امید ہے کہ اس مقابلہ میں شائقین کو بھرپور مزہ حاصل ہوگا۔اپنے ذریعہ بولنگ سے متعلق دریافت کئے جانے پر دھونی نے کہا کہ بھونیشور کمار کے آٹھ سے نو اوور کرالینے کے بعد تیز بولر کیلئے ایک اوور محفوظ رکھنا چاہتے تھے ۔ حالانکہ ٹیم کے پاس دنیش کارتک تھے اس لئے ٹیم کے پاس کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ اس لئے انہوں نے اپنے آپ بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
توقعات پوری نہ کرسکا- کامران اکمل کا اعتراف
لاہور
(ایجنسیاں)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیاٹسمن کامران اکمل نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ ٹیم کے لئے کھیلتے ہیں، آئر لینڈ کے خلاف سیریز بھی جتوائی مگر بدقسمتی سے آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں توقعات کے مطابق نہ کھیل سکنے پر قوم سے معافی مانگتے ہیں ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے سابق فاسٹ بولر شعیب اخترکے تبصرہ پر سخت رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ انہیں بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان ٹیم کی کامیابی کے لئے اپنی پوری کوشش اور محنت سے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے میگا ایونٹ کے لئے تیاری بھی کافی کررکھی تھی اور ہم جیتنا چاہتے تھے مگرچمپئنس ٹروفی میں بدقسمتی آڑے آ گئی اور کھلاڑی کپتان اور کوچ کی بنائی گئی حکمت عملی پر کوشش کے باوجود عمل نہ کر سکے جو ہارنے کی وجہ بنی۔ انہوں نے کہا کہ پویلین کا ماحول بھی اچھا تھا اور کوچز بھی پوری محنت کر رہے تھے مگر قسمت نے ساتھ نہ دیا اور مشکل کنڈیشنز میں ٹاس ہارنے کی وجہ سے بھی کارکردگی پراثرپڑا۔ وکٹ کیپر بیاٹسمن نے کہا کہ اگرچہ وہ چمپئنس ٹروفی میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے مگر سکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ میں ان کی کارکردگی تسلی بخش تھی جس میں آئر لینڈ کے خلاف سیریز جتوانے میں انہیں اللہ نے عزت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایونٹ میں خراب کارکردگی سے سب کچھ بھول نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بعض کھلاڑی ٹی وی پر بیٹھ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر بے جا تنقید کرتے ہیں جن میں شعیب اختر پیش پیش ہیں انہیں چاہیے کہ وہ پہلے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں جو خراب گھٹنوں کے ساتھ ٹیم میں کھیلتے رہے مگر وہ ابھی تک مکمل طور پر فٹ ہیں اور اللہ کی مہربانی سے چار پانچ سال مزید کرکٹ کھیلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چند روز آرام کے بعد دوبارہ پریکٹس شروع کریں گے اور مستقبل میں شائقین کو مایوس نہیں کریں گے۔
ٹینس اسٹار راڈک اسٹیپانک اور نکول ویڈیسوا نے طلاق کا فیصلہ کر لیا
پراگ
(ایجنسیاں)
جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار راڈک اسٹیپانک اور ان کی اہلیہ ٹینس کھلاڑی نکول ویڈیسوا کا میاچ تین برس جاری رہنے کے بعد ختم ہونے کو ہے۔ انہوں نے طلاق کے لئے درخواست دائر کردی ہے۔ جمہوریہ چیک کی ڈیوس کپ ٹیم کے ترجمان نے اس خبر کی باقاعدہ تصدیق بھی کردی ہے۔ ترجمان کے دونوں کھلاڑیوں نے سوچ بچار کے بعد علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ اس سلسلے میں پیش آنے والے مسائل سے بچا جاسکے۔ سابق عالمی نمبر سات کھلاڑی نکول ویڈیسوا اور راڈک نے 2010میں پراگ کے معروف گرجا گھر میں دھوم دھام سے شادی کی تھی اس تقریب میں ملک کی مشہور شخصیات نے بھرپور شرکت کرکے اسے یادگار بنادیا تھا۔
متبادل موجود نہ ہونے کے سبب پاکستانی کرکٹر مطمئن: ظہیرعباس
لاہور
(ایجنسیاں)
سابق ٹسٹ کرکٹر ظہر عباس نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں مقابلے کی فضا نہیں، کھلاڑی جانتے ہیں ان کا متبادل کوئی بھی نہیں جس کی وجہ سے وہ مطمئن ہیں ۔ ایک خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کھلاڑی صرف اس لئے کھیلتے ہیں تاکہ وہ ٹیم میں موجود رہیں۔ اس صورتحال میں ہماری ٹیم کبھی بھی ہندوستان جیسی ٹیموں پر حاوی نہیں ہوسکتی ۔ پاکستان اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں میں یہ ہی فرق ہے کہ ہندوستانی ٹیم میں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ کی فضا ہے۔ وہ جانتے ہیں اگر وہ کارکردگی نہیں دکھائیں گے تو ٹیم میں ان کے لئے کوئی جگہ نہیں ۔ اسی وجہ سے وہ لگاتار کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں تاکہ ٹیم میں جگہ برقرار رکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس ایسے بہت سے کھلاڑی ہیں جو ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی جگہ لے سکتے ہیں۔ ظہیر عباس نے کہا کہ ہمیں کرکٹ کے اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جب کوئی سینئر کھلاڑی کارکردگی نہ دکھائے تو اسے ٹیم سے آؤٹ کردینا چاہے اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہئے ۔
اینڈی مرے کی انڈین پریمئر ٹینس لیگ میں شمولیت کا امکان
لندن
(ایجنسیاں)
برطانیہ کے ٹاپ ٹینس اسٹار اینڈی مرے کا آئی پی ایل کی طرز پر ہندوستان میں ٹینس لیگ میں شرکت کا امکان ہے۔ کہا جارہا ہے کہ وہ ہندوستانی ٹینس کھلاڑی مہیش بھوپتی کے اس منصوبہ میں دلچسپی رکھتے اور جلد ہی لیگ میں شرکت کیلئے معاہدہ کرسکتے ہیں۔ انڈین ٹینس پریمیر لیگ میں کرکٹ لیگ کی مانند ہی6 شہروں کے نام پر فرنچائز فروخت کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں کھلاڑیوں کی نیلامی جنوری میں متوقع ہے۔ اینڈی مرے جو اولمپک اور یو ایس اوپن چمپئن ہیں، اس موقع پر سب سے بھاری معاوضہ حاصل کرنے والے کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں۔ مہیش بھوپتی نے کہا کہ اینڈی مرے اگر عام آدمی کے روپ میں ہندوستان کی سڑکوں پر نکل جائیں تو کئی لوگ انہیں آسانی سے پہچان جائیں گے کیونکہ ٹینس یہاں کرکٹ کے بعد دوسرا مقبول ترین کھیل ہے۔
آسٹریلیائی بورڈ نے ٹیم کے انتخاب میں خانگی ٹی وی کے دباؤ کو مسترد کردیا
سڈنی
(ایجنسیاں)
آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے انتخاب میں ایک خانگی ٹی وی کے دباؤ کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ بورڈ کسی بھی تجویز پر عمل نہیں کرے گا جس سے ٹیم کے انتخاب پر براہ راست اثر پڑ رہا ہو۔ چینل نائن کے ایم ڈی جیف براؤن نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ ان کے نیٹ ورک کو آسٹریلیائی ٹیم میں بہترین کھلاڑیوں کی ضرورت ہے تاکہ ان کی ریٹنگ برقرار رہے۔ اس موقع پر انہوں نے بورڈ کی روٹیشن پالیسی پر بھی خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ گھروں میں موجود شائقین کرکٹ ٹیم میں بہترین کھلاڑی دیکھنا چاہتے ہیں اور کرکٹ آسٹریلیا کو بھی چاہیے کہ وہ ٹیم میں ایسے ہی کھلاڑی شامل کرے جن سے شائقین کرکٹ کی امیدیں وابستہ ہوں۔ اس حوالہ سے بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے چینل نائن کی جانب سے دی جانے والی تجویزکو مسترد کیا اور کہا کہ بورڈ ایسی کسی بھی تجویز پر عمل نہیں کرے گا جس سے سلیکشن کے معاملات پر براہ راست اثر پڑے۔ انہوں نے کہاکہ بورڈ اور چینل نائن کے درینہ تعلقات ہیں تاہم ٹیم کے شیڈول، سلیکشن اور کرکٹ کے حوالے سے دیگر معاملات آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے ہیں۔
ڈیوڈ بیکھم کی آمد پر شنگھائی یونیورسٹی میں بھگڈر ،7 افراد زخمی
بیجنگ
(ایجنسیاں)
سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکھم ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن ان کی مقبولیت برقرار ہے۔ کھیل کے فروغ کیلئے وہ ان دنوں چین میں ہیں اور جہاں بھی جاتے ہیں انہیں دیکھنے کیلئے پرستاروں کا ہجوم اکٹھا ہوجاتا ہے تاہم کل جب وہ شنگھائی یونیورسٹی پہنچے تو ان سے ملنے کے لئے جمع ہونے والے افراد بے قابو ہوگئے اور پولیس کا حفاظتی گھیرا توڑ کر ان کے قریب پہنچنے کی کوشش کرنے لگے اس دوران بھگڈر مچ گئی جس کے نتیجہ میں5 سیکوریٹی جوانوں سمیت7 افراد زخمی ہوگئے۔اس صورتحال میں بیکھم شنگھائی یونیورسٹی فٹبال ٹیم سے ملاقات کئے بغیر واپس لوٹ گئے۔
ڈانیل ویٹوری کی ایڑھی کا آپریشن
لندن
(ایجنسیاں)
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈانیل ویٹوری نے انجری سے نجات پانے کے لئے لندن کے مقامی اسپتال میں ایڑھی کی سرجری کرالی ہے۔ سرجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف مجوزہ ٹی20 سیریز سے باہر ہوگئے البتہ انہیں امید ہے کہ طویل سے عرصہ انہیں پریشان کرنے والی ایڑھی کی تکلیف سے نجات کے بعد وہ مزید کچھ عرصے انٹرنیشنل کرکٹ جاری رکھ سکیں گے۔34 سالہ سرکردہ اسپنر نے چمپئنس ٹروفی کے دوران2 میاچس میں حصہ لیا لیکن اپنی فٹنس کو بہتر پیش کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال میں نے کم بیک کے لئے کوئی ڈیڈلائن مقرر نہیں کی ہے تاہم امید ہے کہ پوری طرح فٹ ہوکر جلد میدان میں لوٹ آؤں گا۔
ریو ڈی جنیرو
(یو این آئی)
عالمی و یوروپی چمپئن اسپین نے کنفیڈریشن کپ کے گروپ میاچ میں اپنا پہلا انٹرنیشنل ٹورنمنٹ کھیلنے والی تاہیتی کی ٹیم کو 10-0سے شکست دیکر انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ گول فرق سے جیتنے کا ریکارڈ قائم کرلیا جبکہ ایک دیگر مقابلہ میں یوروگوئے نے نائجیریا کو ایک گول کے مقابلے 2گول سے ہرایا۔ ہسپانوی ٹیم نے میاچ میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے گول کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فرنانڈو ٹوریس نے چار گول ، ڈیوڈ ولا نے تین ، ڈیوڈ سلوا نے دو اور جوان مارٹا نے ایک گول کیا۔ اس سے قبل کسی بھی ٹیم نے انٹرنیشنل فٹ بال فیڈریشن کے تحت منعقد ہونے والے عالمی ٹورنمنٹ میں اتنے بڑے فرق سے نہیں ہرایا ہے۔ فیفا کے کنفیڈریشن کپ کے ریکارڈ جیت برازیل کے نام رہی ہے جب اس نے 1999 میں سعودی عرب کی ٹیم کو دو گول کے مقابلہ 8گول سے شکست دی تھی۔ اسپین کی ٹیم کو اب سیمی فائنل میں داخلہ یقینی بنانے کیلئے اتوار کو نائیجریا کے خلاف یقینی جیت حاصل کرنی ہوگی۔ جبکہ روئے صف میں یوروگوئے اور تاہیتی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دوسرے مقابلہ میں یوروگوئے نے ڈیوگوفارلن کے ذریعہ اپنے سوویں میاچ میں گول کی بدولت نائجیریا کو 2-1سے ہرایا۔ یووروگوئے کی جانب سے کپتان ڈیوگولوگانو نے کھیل کے19 ویں منٹ میں جبکہ اپنا 100واں میاچ کھیلنے والے فارلن نے کھیل کے37 ویں منٹ میں گول کیا۔ فارلن نے اپنے ملک کی جانب سے 100واں انٹرنیشنل میاچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
نئی دہلی
(یو این آئی)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے پاس اتوار کو برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے چمپئنس ٹروفی کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا کے ریکارڈ کا برابری کرنے کا موقع رہے گا۔ آسٹریلیائی ٹیم نے چمپئنس ٹروفی کو دو بار حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ کپتان دھونی کی زیر قیادت ہندستانی کرکٹ ٹیم حالیہ دنوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اگر ٹیم انڈیا فائنل مقابلہ جیت لیتی ہے تو وہ چمپئنس ٹروفی کو دو بار جیتنے کا آسٹریلیا کا ریکارڈ برابر کرلے گی۔ آسٹریلیا دو مرتبہ کا چمپئن تھا لیکن اس بار اسے گروپ مرحلے ہی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ٹیم چمپئنس ٹروفی سے باہر ہوگئی۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم خطاب جیتنے کی صورت میں ایک اور ریکارڈ کی برابری کرسکتی ہے۔ آسٹریلیا واحد ایسی ٹیم ہے جس نے عالمی کپ کرکٹ ٹورنمنٹ جیتنے کے بعد چمپئنس ٹروفی پر بھی قبضہ کیا تھا۔ آسٹریلیا نے سال2006ء میں کامیاب کپتان رکی پانٹنگ کی قیادت میں چمئپن ٹرافی جیتی تھی اور اس نے اگلے برس سال2007ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے ون ڈے عالمی کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں چمپئن کا بھی خطاب حاصل کیا تھا۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم نے دھونی کی قیادت میں سال2011ء میں عالمی کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنمنٹ جیتا تھا اور اب دھونی کی ہی کپتانی میں وہ چمپئنس ٹروفی کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔خطاب جیتنے کی شکل میں ہندستان اور دھونی عالمی کپ اور چمپئنس ٹروفی کے بعد ایک کے بعد جیتنے کے آسٹریلیا اور پانٹنگ کے ریکارڈ کی برابری کرلیں گے۔
ایسٹ بورن
(یو این آئی)
ایشیا کی گرانڈ سلام جیتنے والی واحد کھلاڑی چین کی لی نا کو روس کی ایلینا ویسنینا کے ہاتھوں 6-3,6-7سے شکست کا سامنا کرناپڑا ہے۔ ایلنا ویسنینانے ومبلڈن سے قبل ایسٹ بورن انٹرنیشنل ٹینس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ اپنی ہم وطن ایکاکیرینا ماکارووا کے ساتھ اس سال فرنچ اوپن میں خواتین کے ڈبلز کا خطاب جیتنے والی ویسنینا نے گزشتہ 2 برسوں میں پہلی مرتبہ کسی ٹاپ 10 کھلاڑی کو شکست دی۔ ویسنینا نے کیرئر میں پہلی مرتبہ گراس کورٹ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے جہاں ان کا سامنا یانینا ونکنیئر سے ہوگا جنہوں نے چھٹی سیڈ ماریہ کرنیلنکو کو 7-5, 6-1, 6-2سے شکست دی۔ ایک دیگر سنگلز مقابلہ میں امریکی کی جیمپ ہیپٹن نے چیک جمہوریہ کی لوسی سفاروکا کو تین سٹوں کے زبردست مقابلہ میں 6-4, 7-6, 3-6 سے شکست دی۔ ایک دیگر مقابلہ میں ڈنمار ک کی کیرولن وزنییاکی نے روس کی ایکتارینا ماکاوروا کو ہرایا۔لینا اور ویسینا کے درمیان کیرئر میں یہ چوتھی مرتبہ آمنا سامنا ہوا ہے جہاں لینا کوتیسری مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ میاچ خراب میاچ کے سبب تاخیر سے شروع ہوا ۔ حالانکہ لینا نے ویسنینا کی سروس بریک کرتے ہوئے اچھی شروعات کی لیکن وہ باقی مقابلہ میں قائم نہیں رہ سکیں۔
کارڈیف
(ایجنسیاں)
سری لنکا کے بیاٹسمن تلک رتنے دلشان کارڈیف میں جمعرات کو ہندوستان کے خلاف چمپئنس ٹروفی سیمی فائنل کے دوران دائیں پنڈلی میں تکلیف سے دوچار ہوگئے جس کے بعد انہیں 28 جون سے شروع ہونے والی سہ رخی سیریز کے لئے خارج ازامکان قرار دیا گیا۔ سری لنکا ٹیم کے ترجمان کے بموجب اسکیا ن کے بعد اس بات کا پتہ چلا کہ دلشان کی پنڈلی میں چوٹ شدید نوعیت کی ہے اور انہیں 6 ہفتے آرام کی ضرورت ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ان کے متبادل کھلاڑی کے نام کا آج دیر گئے اعلان کیا جائے گا۔ اس بات کا امکان ہے کہ کیریبئن کے دورہ پر موجود سری لنکا اے ٹیم میں سے ایک کھلاڑی کو سینئر ٹیم کی نمائندگی کے ل ئے بھیجا جائے گا۔ تلک رتنے دلشان ہندوستان کے خلاف مثبت انداز میں کھیل رہے تھے اور امیش یادو کے خلاف لگاتار 2 باؤنڈریاں بھی لگائیں لیکن اسی اوور میں مڈوکٹ پر جب انہوں نے ایک گیند کو سلک کرنے کی کوشش کی تو فوری تکلیف شروع ہوگئی۔ اگرچہ انہوں نے درد کو کم کرنے والی دوائیں لیں لیکن شدت کی وجہ سے انہیں اگلے اوور میں میدان چھوڑنا پڑا تاہم دلشان اننگز کے ماقبل آخری اوور میں بیاٹنگ کے لئے آئے حالانکہ انہیں انفٹ قرار دیا گیا تھا۔
ٹیم انڈیا کے دورہ زمبابوے کی توثیق
ممبئی
(ایجنسیاں)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم 24 جولائی تا 3 اگست اپنے دورہ زمبابوے کے دوران 5 ونڈے انٹرنیشنل میاچس کھیلے گی، بی سی سی آئی نے آج توثیق کی۔ ہندوستانی ٹیم کے لئے ویسٹ انڈیز میں سہ رخی سیریز جو 11 جولائی کو ختم ہوگی کے بعد اگلی بین الاقوامی مصروفیات ہوں گی۔ ابتدائی 3 ایک روزہ میاچس ہرارے میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری 2 بولاویو میں ہوں گے۔ بی سی سی آئی کی اسی ماہ کی شروعات میں ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں اس دورہ کی توثیق کی گئی ۔ اس سے پہلے ا س دورہ کو تعطل میں رکھا گیا تھا کیونکہ بی سی سی آئی کا ماننا تھا کہ کھلاڑی متواتر کھیلنے سے تھک جائیں گے۔ آخری بار ہندوستان نے 2010ء میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا اور سریش رائنا نے نوجوان ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی تھی اور یہ سہ رخی سیریز کے فائنل میں ٹیم نہیں پہونچ سکی تھی۔
بنگلور
(یو این آئی)
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے تحقیقاتی پینل نے پرکشش آئی پی ایل میں چینائی سوپر کنگس اور راجستھان رائلس کے حصہ داروں کے بعض میاچس میں سٹہ بازی میں ملوث ہونے کے معاملہ کی آج سے تحقیقات شروع کردی۔ بی سی سی آئی کے چیف اڈمنسٹریٹیو آفیسر رتناکر شیٹی نے سی ایس کے کے گروناتھ نیاپن اور آر آر کے راج کندرا کے خلاف شکایات کی تحقیقات کی شروعات کے علامت کے طور پر 2رکنی پینل جو سابق ججس پر مشتمل ہے کو ضروری دستاویزات حوالہ کیں۔ 3 گھنٹہ طویل اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے رتنکاکر شیٹی نے کہا کہ مسٹر میاپن اور مسٹر کندرا کے خلاف بی سی سی آئی نے شکایت داخل کردی ہے اور پینل تحقیقات کے خدوخال کو قطعیت دے گا۔
سڈنی
(یو این آئی)
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایشس سیریز سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میاچ کیلئے ذہنی و جسمانی طور پر فٹ ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ مائیکل کلارک اپنی کمر میں تکلیف کے سبب حالیہ مقابلوں میں اپنی ٹیم کی نمائند گی نہیں کرپائے ہیں ۔ اسی وجہ سے وہ چمپئنس ٹروفی میں اپنی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ کرکٹ حلقو ں میں اس طرح کی قیاس آرائیاں ہیں کہ مائیکل کلارک اپنی تکلیف کے سبب ایشس سیریز میں بھی شرکت نہیں کرپائیں گے۔ تاہم کلارک نے اس کی تردید کی ہے۔ روایتی حریف آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشس سریز کا پہلا میاچ ٹرینٹ بریج میں10 جولائی سے کھیلا جائے گا۔ مائیکل کلارک نے ان قیاس آرائیوں سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ان کی کمر کی تکلیف بہت کم ہے اور وہ پہلے سے زیادہ اچھا محسوس کررہے ہیں حالانکہ ایشس سریز سے قبل وارم اپ میاچ میں کافی وقت ہے۔ اگر ان کے تکلیف میں سدھار کی رفتار یہی رہی تو انہیں یقین ہے کہ وہ وارم اپ میاچ بھی کھیلیں گے۔ کلارک نے آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے فیزیو الیکس کاؤنٹرس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیزیو ان کی فٹنیس سے کافی مطمئن ہیں ۔ فیزیو نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پوری طرح فٹ ہوکر میدان پر واپسی کریں گے۔ واضح رہے کہ دنوں ٹیموں کے درمیان ایشس سریز سے قبل 2 وارم اپ میاچ کھیلے جائیں گے آسٹریلیا کو اپنا دوسرا وارم اپ میاچ ورکسٹر شائرسے آئندہ مہینے کھیلنا ہے۔
نئی دہلی
(یو این آئی)
سری لنکاکو شکست دیکر فائنل میں داخلہ حاصل کرنے والی ہندستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف جیت حاصل کرکے سال 2011 کی اپنی شرمناک شکست کا بدلہ لینے کی کوشش کر ے گی۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم نے مہند ر سنگھ دھونی کی قیادت میں سال 2011 میں انگلینڈ کے دورہ کیا تھا جہاں اسے شرمناک شکست کا سامنا ہوا تھا۔ اس دورے میں ہندستانی کرکٹ ٹیم ایک بھی میاچ نہیں جیت پائی تھی۔ جبکہ اس سے دو مہینے قبل ہندستانی کرکٹ ٹیم نے عالمی چمپئن کا خطاب حاصل کیا تھا۔ آخری مرتبہ منعقد ہونے والی چمپئنس ٹروفی میں ہندستانی کرکٹ ٹیم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور اس کے پاس سال 2011 کی شرمناک شکست کے بعد بدلہ چکانے کا موقع ہے۔ ہندستانی ٹیم کواس دورہ میں اپنے تمام چار وں ٹسٹ میاچوں میں بڑے فرق سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعد ازاں پانچ ون ڈے میاچوں کی سریز 0۔3 سے گنوائی تھی اور واحد 20۔20 میاچ میں بھی اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ کے اس دورے سے کئی ہندستانی کھلاڑیوں کے کیرئر داؤ پر لگ گئے اس دورے اور آسٹریلیا کے مایوس کن دورے کے بعد راہل درواڈ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا ۔ وی وی ایس لکشمن کو بھی ریٹائرمنٹ کا مجبوراً اعلان کرنا پڑا۔ تیز بولر ظہیر خان کی ٹیم سے چھٹی ہوئی۔ آف اسپنر ہربھجن سنگھ کا بھی پتہ صاف ہوگیا تھا۔ جبکہ گوتم گمبھیر کو بھی ایک طرف کردیا گیا۔ اس دورے کے دو سال بعد چمپئنس ٹروفی میں ہندستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے امید کی کرن روشن کی ہے ۔ اتوار کو منعقد ہونے والا فائنل ہندستان کے لئے تاریخی ہوسکتا ہے کیونکہ یہ آخری چمپئنس ٹروفی ہے جس میں جیت ہندستان کو 11 سال بعد فاتح بنائی گئی۔ انگلینڈ پرانی ہار کا بدلہ لیا جائے گا اور ہندستان عالمی کپ فاتح ہونے کے ساتھ چمپئنس ٹروفی کا بھی چمپئن بن جائے گا۔
ایسٹ برن
(یو این آئی)
پانچ مہینے بعد اپنا پہلا ٹورنمنٹ کھیل رہے ہندوستان کے لینڈر پیس اور ان کے جوڑی دار چیک جمہوریہ کے رادیک استیپنک کو ومبلڈن کے وارم اپ ٹورنمنٹ ایگون انٹرنیشنل کے کوارٹرفائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پیس اور استیپنک کی تیسری سیڈ جوڑی کو برطانیہ کے جمی مرے اور آسٹریلیا کے جان پیرس کے خلاف تین سیٹوں میں چھ۔ایک، تین ۔چھ، پانچ ۔ دس سے شکست ملی۔ جنوری میں آسٹریلین اوپن کے بعد پیس اور استیپنک کا یہ پہلا میاچ تھا۔ استیپنک گردن کی سرجری کی وجہ سے کورٹ سے باہر ہیں۔ پیس اور استیپنک کی جوڑی کو 24 جون سے شروع ہونے والے ومبلڈن میں چوتھی سیڈ دی گئی ہے۔
ریو ڈی جنیرو
(یو این آئی)
برازیل میں جاری کنفیڈریشن کپ کے دوران احتجاجی مظاہروں اور جرائم کے واقعات کے سبب اس ٹورنمنٹ کے ملتوی ہونے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں جبکہ فیفا نے اس سے انکار کیا ہے۔ برازیل میں کنفیڈریشن کپ کے دوران اسپین کی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کے ہوٹل کے کمروں سے ان کے قیمتی سامان چوری ہونے کی اطلاع ہے۔ جبکہ برازیل ٹیم کے سربراہ جولیو سیزر کی اہلیہ سے لٹیرے کے ذریعہ بندوق کی نوک پر لوٹ مار کی بھی اطلاع ملی ہے۔ برازیل اس وقت فٹ بال کنفیڈریشن کپ کی بھی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ ملک اگلے سال وہاں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ اور سن 2016 میں ہونے والے اولمپکس کی تیاریوں میں مصروف ہے اور برازیل کی عوام کا ماننا ہے کہ ان بڑے ٹورنمنٹس کی میزبانی کے لیے جاری تیاریوں کی وجہ سے عوام کو بھاری ٹیکسوں کی شرح کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہروں میں شامل نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد کا موقف ہے کہ معاشرتی بہتری کے منصوبوں کی بجائے حکومت تمام تر سرمایہ کاری ان ٹورنمنٹس کی تیاری پر کر رہی ہے۔ جنوبی امریکا کے ملک برازیل میں گزشتہ روز بھی کرپشن، ٹیکسوں کی اونچی شرح اور معاشی ناانصافیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری رہے۔ ریو ڈی جنیرو کی سڑکوں پر جمعرات کی رات قریب تین لاکھ مظاہرین جمع تھے۔ یہ مظاہرے برازیل کے کم از کم اسی شہروں میں جاری ہیں اور ملک بھر سے قریب آٹھ لاکھ افراد ان مظاہروں میں شرکت کر رہے ہیں۔ گزشتہ رات گئے ریو ڈی جنیرو کی سڑکوں پر قریب تین لاکھ مظاہرین جمع تھے۔ ابتداء میں یہ مظاہرہ پر امن رہا تاہم بعد ازاں چند ایک مقامات پر پرتشدد واقعات کی رپورٹیں موصول ہوئیں اور پولیس کو عوام کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور دیگر حربے استعمال کرنے پڑے۔ جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور وہ شہر کے میئر کے دفتر کی جانب گامزن رہے۔ ریو ڈی جنیرو کے علاوہ سلواڈور اور برازیلیہ سے بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان کشیدگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ہنگامہ آرائی میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے ملکی صدر دلما روسیف نے مظاہرین کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے ملک میں جمہوریت کو تقویت ملی ہے۔ حالات کے پیش نظر انہوں نے اپنا اگلے ہفتے کے دوران طے شدہ جاپان کا دورہ بھی ملتوی کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے کابینہ کا ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق مظاہرین ملکی میڈیا اور بالخصوص کافی اثر و رسوخ کے حامل گلوبو نیٹ ورک سے بھی کافی ناخوش ہیں۔ مظاہرین کا ماننا ہے کہ اس نیٹ ورک نے لوگوں کی اس احتجاجی تحریک کو کم کر کے پیش کیا ہے۔ قبل ازیں بدھ کو رات گئے ملکی انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں زیادتی کے فیصلے کو واپس لے لیا تھا۔ اس حکومتی اقدام کا مقصد عوام کے درمیان پائی جانے والے برہمی کو کم کرنا تھا۔ تاہم اس کا کوئی زیادہ اثر نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کے اسی حکومتی فیصلے کے سبب گزشتہ ہفتے ساؤ پاؤلو سے ان احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
Wimbledon draw 2013 announced
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں