ماؤ نوازوں کے حملے میں زخمی وی سی شکلا کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-12

ماؤ نوازوں کے حملے میں زخمی وی سی شکلا کا انتقال

سابق مرکزی وزیر وی سی شکلا جو گذشتہ 25مئی کو چھتیس گڑھ کے بستر علاقہ میں کانگریس کے قافلے پر نکسلیوں کے خطرناک حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے ‘ آج صبح گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے ۔ میدانتا اسپتال کے ترجمان نے کہاکہ 83سالہ مسٹر وی سی شکلا کی حالت گذشتہ کچھ دنوں سے انتہائی نازک ہو گئی تھی۔ انہوں نے آج صبح آخری سانس لی۔ مسٹر شکلا کو زخمی ہونے کے بعد چھتیس گڑھ کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد انہیں فورا یعنی 26مئی کو ہی گڑگاؤں کے ویدانتا اسپتال میں داخل کرادیا گیا تھا۔ بہرحال گڑگاؤں کے اسپتال آنے سے قبل جگدل پور اسپتال میں ان کا آپریشن کیا گیا تھا۔ نکسلیوں کے اس حملے میں ریاستی کانگریس سربراہ نندکمار پٹیل‘ ان کے بیٹے دنیش‘ نکسل مخالف تحریک سلوا جودوم کے بانی مہندر کرما اور سابق اسمبلی ممبر اودے مدلیار سمیت 29افراد ہلاک اور 32زخمی ہو گئے تھے ‘ جن میں وی سی شکلا بھی شامل تھے ۔ مسٹر وی سی شکلا 2!اگست 1929ء کو رائے پور میں پیدا ہوئے تھے ۔ وہ ایک نامور وکیل‘ مجاہد آزادی‘ سرکردہ کانگریس لیڈر اور منظم مدھیہ پردیش کے پہلے وزیراعلیٰ پنڈت روی شنکر شکلا کے بیٹے تھے ۔ مسٹر شکلا کا سیاسی کیرئیر 1957 سے شروع ہوا جب کانگریس نے انہیں مدھیہ پردیش کے مہا سمند حلقہ سے لوک سبھا کا اپنا امیدوار بنایا۔ یہ انتخاب انہوں نے و وٹوں کے بڑے فرق سے جیتا۔ اس کے بعد وہ 9بار لوک سبھا ممبر رہے ۔ 1966ء میں اندراگاندھی کے وزیراعظم بننے کے بعد وہ ان کی کابینہ میں شامل ہوئے ۔ مسٹرشکلا مواصلات‘ داخلہ‘ دفاع‘ خزانہ‘ منصوبہ بندی‘ اطلاعات و نشریات‘ سول سپلائی‘ خارجی امور‘ پارلیمانی امور اور آبی وسائل کے محکموں کے وزیر بھی رہے ۔ انہوں نے 1991میں ناگپور کے مورس کالج سے گریجویشن کیا تھا۔ ان کی موت پر ملک کے سرکردہ لیڈروں نے اظہار افسوس کیا ہے ۔ سشیل کمار شنڈے نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نکسلی دہشت گرد ہیں اور ان کا سختی کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔

Ex-Union minister VC Shukla, injured in Maoist attack, dies

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں