اترکھنڈ بچاؤ کاروائی میں تیزی لانے سپریم کورٹ کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-26

اترکھنڈ بچاؤ کاروائی میں تیزی لانے سپریم کورٹ کی ہدایت

سپریم کورٹ نے آج مرکزی اتراکھنڈ کی حکومت سے کہاکہ وہ ریاست میں سیلاب زدگان کے تخلیہ کی کارروائی میں تیزی لائے۔ اسی دوران مرکزی و ریاستی حکومت نے اپنی عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ جسٹس اے کے پٹنائک اور جسٹس رنجن گوگوئی پر مشتمل بنچ نے کہاکہ حکومتوں کو درخواست گذاروں کی پیش کردہ تجاویز پر غور کرنا چاہئے جنہوں نے عوام کو بچانے ایک مفاد عامہ کی درخواست داخل کی ہے۔ عدالت نے اس معاملہ کی مزید سماعت 28 جون کو مقرر کی۔ مرکز نے اپنی عمل درآمد رپورٹ میں کہاکہ ہندوستانی فضائیہ نے 1189 پروازیں چلائی ہیں جن کہ فوج نے 419 طیاروں کے ذریعہ پھنسے ہوئے افراد کو تخلیہ کیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مختلف ایجنسیوں کی جانب سے 23جون تک جملہ 96500 افراد کا تخلیہ کیاگیا۔ عوام کو ان کی منزل مقصور تک پہنچانے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ پھنسے ہوئے افراد کو ہردوار اور دہرہ دون لانے زائد از4ہزار گاڑیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹیلی مواصلات کی 80 فیصد سہولیات کا احیاء کرلیا گیا ہے۔ مرکز نے مختلف ایجنسیوں میں 77 سٹیلائٹ فونس تقسیم کئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اپنی عمل درآمد رپورٹ میں عدالت کو تیقن دیا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں تمام پھنسے ہوئے یاتریوں کا تخلیہ مکمل کرلیا جائے گا اور کہاکہ مہلوکین کی تعداد 560 ہونے کا اندازہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے کہاکہ غذائی اشیاء کی کوئی قلت نہیں ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضروری اشیاء پہنچائی جارہی ہیں۔

Supreme Court asks Centre, Uttarakhand to step up rescue operation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں