بینی پرساد کے خلاف نعرہ بازی - ایس پی اور کانگریس کارکنوں میں جھڑپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-26

بینی پرساد کے خلاف نعرہ بازی - ایس پی اور کانگریس کارکنوں میں جھڑپ

مرکزی وزیر فولاد بینی پرساد ورما کے ہاتھوں یہاں اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا کے پراسسنگ یونٹ کی سنگ بنیاد تقریب کے دوران سماج وادی پارٹی کارکنوں نے نعرہ بازی کی اور کانگریس کارکنوں کے ساتھ متصادم ہوگئے۔ مرکزی وزیر نے کل شام ریسیا علاقہ کے موضع گودانی باساہی میں 100کروڑ روپئے مالیتی اسٹیل پراسسنگ یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ ایک ایسے وقت جب کہ یہ پروگرام جاری تھا بعض سماج وادی پارٹی کارکن وہاں پہنچ گئے اور سیاہ پرچم لہراتے ہوئے بینی پرساد ورما کے خلاف نعرے لگانے لگے۔ بعدازاں سماج وادی پاٹی کارکن اور کانگریس ورکروں میں جھڑپ ہوگئی اور انہوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں بھی پھینکیں جس میں چند افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اب تک کوئی کیس درج نہیں کیا ہے۔ دریں اثناء بینی پرساد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس ایک بار پھر برسر اقتدار آئے گی جب کہ بی جے پی ارکان کی تعداد نصف ہوجائے گی اور سماج وادی پارٹی کا صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملائم سنگھ اور ان کی بہو ڈمپل کو تک شکست ہوجائے گی اور سماج وادی پارٹی صرف 2نشستوں تک محدود ہوجائے گی۔ انہوں نے ملائم کا درپردہ حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ایک لیڈر کا کہنا ہے کہ بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی کبھی جھوٹ نہیں بولتے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ لیڈر بی جے پی کا ہمنوا ہے۔ بینی نے مزید کہاکہ فیکٹری قائم ہونے کے بعد اس علاقہ میں ترقی ہوگی اور سالانہ ایک لاکھ ٹن اسٹیل کی پیداوار ہوگی عوام کو روزگار ملے گا۔

SP and Congress activists clash at programme presided over by Beni Prasad Verma

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں