جسٹس بنرجی کو قتل کرنے آر ایس ایس کارکن کے منصوبے کا انکشاف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-22

جسٹس بنرجی کو قتل کرنے آر ایس ایس کارکن کے منصوبے کا انکشاف

آر ایس ایس کارکن سنیل جوشی نے گودھرا میں ٹرین چلائے جانے کے واقعہ کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے سربراہ جسٹس یو سی بنرجی کو ہلاک کرنا چاہتا تھا اور اس نے کولکتہ میں ان کے گھر کی نگرانی کا کام بھی پورا کرلیا تھا۔ 2006ء کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کے ایک عینی شاہد نے یہ بات بتائی۔ اس گواہ کا بیان این آئی اے نے ریکارڈ کیا تھا جس میں اس نے ادعا کیا کہ جوشی اسے بھی کولکتہ لے گیا تھا۔ اس گواہ کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے تاہم اس نے کہاکہ کولکتہ سے واپسی کے بعد انہیں پتہ چلا کہ اس دورہ کا مقصد جسٹس بنرجی کو ہلاک کرنا تھا۔ گواہ نے ادعا کیا کہ اس کے بعد جوش کا اس سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ این آئی اے کی چارج شیٹ میں شامل بیان میں کہا گیا ہے کہ اس گواہ نے کہاکہ اس دورہ کے بعد اسے پتہ چلا کہ دورہ کولکتہ کا مقصد جسٹس بنرجی کے گھر کی تفصیلات معلوم کرنا تھا۔ جسٹس بنرجی کو اس وقت کے وزیر ریلوئے لالو پرساد یادو نے گودھرا تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ مقرر کیاتھا۔ بنرجی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ گودھرا کے قریب سابرمتی ایکسپریس میں لگی آگ حادثاتی تھی۔ سنیل جوش کا بعد میں قتل کردیا گیا تھا اور مالیگاؤں بم دھماکوں کے کیس کی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اس قتل کیس کی بھی اصل ملزم ہے۔ مہاراشٹرا اے ٹی ایس نے 2006ء کے مالیگاؤں بم دھماکوں کے کیس میں مسلم نوجوانوں کوگرفتار کرلیا تھا تاہم این آئی اے کی تحقیقات کے بعد ان کو ضمانت مل گئی تھی۔ این آئی اے نے اپنی تحقیقات میں واضح کیا کہ مالیگاؤں کے دھماکے ہندو دہشت گردوں کی کارستانی تھے۔

'Sunil Joshi planned to kill Justice Banerjee'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں