Sonia hails the 'success' of UPA's flagship mission
یوپی اے کی دیہی روزگار اسکیم پر ردعمل سے حوصلہ پاکر صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آجیویکا مشن پر عاجلانہ عمل آوری پر زوردیا اور کہا کہ وسطی اور مشرقی ہند کے علاقوں میں اسکیم پر جلد ازجلد عمل آوری ضروری ہے اس اسکیم پر سونیا گاندھی کا زور ایک ایسے وقت منظر عام پر آیا ہے جبکہ کانگریس کو آئندہ سال پارلیمانی اور جاریہ سال 5ریاستوں کے بشمول بی جے پی زیر قیادت مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کا سامنا ہے۔ صدر کانگریس نے اس موقع پر اعلان کیا کہ شمال مشرقی ہند کی اور پہاڑی ریاستوں کیلئے ایک خصوصی پیاکیج تیار کیا گیا ہے تاکہ ایسے اقدامات میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ 10سال میں خط غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذارنے والے 7کروڑ خاندانوں کو غریبی سے چھٹکارا دلوایا جائے گا اور یہ کوئی آسان کام نہیں ہے۔ آجیویکا مشن کئی ریاستوں میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ، مالی اور سماجی تبدیلیوں کے پیش نظر جو اس پروگرام نے دیہی علاقوں میں پیدا کی ہیں جس کی کامیابی ثابت ہوچکی ہے۔ آجیویکا مشن وزارت دیہی ترقیاتی کی جانب سے جون 2011 میں شروع کیا گیا اور اس کا مقصد دیہی غریبوں کو اپنے گھرانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے اور پائیدار روزگار کے مواقع میں اضافہ اور مالی خدمات تک بہتر رسائی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ یہ مشن خط غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذارنے والے 7کروڑ خاندانوں کا جو 600 اضلاع، 6000 بلاکس، 2.5لاکھ پنچایتوں اور 6لاکھ دیہاتوں میں مقیم ہیں۔ اپنی مدد آپ گروپس کے ذریعہ نافذ کیا گیا ہے اور 8تا10سال کی مدت میں روزگار کے اجتماعی مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ مشن یوپی اے کا ایک اہم پروگرام ہے دنیا کے کسی بھی دوسرے ملئک میں ایسی پرعزم اور زبردست اسکیم خواتین کی بااختیاری کیلئے موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام خواتین کو غربت کی لعنت سے چھٹکارا دلوائے گا۔ انہیں مستحکم اور خود ساختہ روزگارفراہم کرے گا وہ کسی کے رحم و کرم اور مہربانی پر زندگی نہیں گذاریں گی جس کا مقصد واضح ہے ہم چاہتے ہیں کہ خواتین کو سیلف ہیلپ گروپس اور مالیاتی اداروں کے ذریعہ بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کزور طبقات اور خواتین کی بااختیاری پر یوپی اے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ سماج میں خواتین کے موقف میں تبدیلی پیدا کی جاسکے کیونکہ وہی آئندہ نسلوں کو پروان چڑھاتی ہیں۔ خاندانوں اور معاشرہ کی ذمہ داری قبول کرتی ہیں۔ سونیا گاندھی نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں خواتین کی بااختیاری کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔ صدر کانگریس نے یہ بھی کہاکہ یوپی اے حکومت نے جموں و کشمیر میں سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ خواتین کے با اختیاری کے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ 5سال میں ریاست کے 2تہائی خاندان غربت سے چھٹکارا پالیں گے۔ شمالی مشرقی ہند کی ریاستوں اور پہاڑی ریاستوں جیسے اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کیلئے انہوں نے ایک خصوصی پیاکیج کا اعلان بھی کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں