سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے جوابدہ - سنٹرل انفارمیشن کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-04

سیاسی جماعتیں عوام کے سامنے جوابدہ - سنٹرل انفارمیشن کمیشن

سیاست میں شفافیت کا ایک نیا معیار قائم کرتے ہوئے سنٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) نے آج قانون حق اطلاعات (آر ٹی آئی) کے تحت سیاسی پارٹیوں کو جوابدہ قرار دیا ہے۔ چیف انفارمیشن کمشنر ستیہ نندا مشرا اور انفارمیشن کمشنر ایم ایل شرما اور انا پورنا دکشت پر مشتمل کمیشن کے اجلاس کاملہ نے 6 جماعتوں بشمول کانگریس، بی جے پی، سی پی آئی ایم، سی پی آئی، این سی پی اور بی ایس پی کو جن کے خلاف آر ٹی آئی انکوائری کی جارہی تھی، قانون حق اطلاعات کے تحت سرکاری عہدیداروں کے معیار کی تکمیل کرنے والی پارٹیاں قرار دیا۔ ان جماعتوں کے صدور اور جنرل سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اندرون 6ہفتے اپنے ہیڈ کوارٹرس میں سی پی آئی اوز اور مرافعہ ارباب مجاز کو نامزد کریں۔ اس طریقہ کار کے تحت تقرر کردہ سی پی آئی اوز اندرون 4ہفتے اس ہدایت میں آر ٹی آئی درخواستوں کا جواب دیں گے۔ بنچ نے انہیں آر ٹی آئی قانون کے تحت صورتحال پر قبل ازوقت قابو پانے والے اقدام کے ذریعہ لازمی انکشافات کی مختلف دفعات کی تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے ویب سائٹس پر تفصیلات جاری کرین کیلئے کہا ہے۔ اس کیس کا تعلق اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس کے جہد کار سبھاش اگروال اور انیل بیروال کی آر ٹی آئی انکوائری سے ہے جنہوں نے 6جماعتوں کی جانب سے محصلہ رضا کارانہ مالیاتی عطیات اور ان کے مالی وسائل کے علاوہ عطیہ دہندوں کے ناموں اور پتے و دیگر تفصیلات کے انکشاف کا مطالبہ کیا تھا جبکہ سیاسی جماعتوں نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ آر ٹی آئی قانون کے دائرہ کار میں شامل نہیں، اس سے انکار کردیا تھا۔

Political parties accountable to people under RTI Act: CIC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں