Russian president Putin, wife divorce
روس کے صدر ولادیمیر پوٹین نے گذشتہ چند دنوں سے جاری قیاس آرائیوں پر مہر لگاتے ہوئے کہاکہ ان کی بیوی لیوڈمیلا کے ساتھ ان کی شادی ٹوٹ چکی ہے۔ سرکاری ٹی وی چینل پر ایک ساتھ نظر آنے والے پوٹین اور لیوڈ میلا نے کہاکہ 30 سال پرانی ان کی شادی اب ٹوٹ چکی ہے۔ صدر پوٹین سے جب پوچھا گیا کہ لیوڈ میلا کے ساتھ شادی ٹوٹنے کی قیاس آرائیوں کے بارے میں وہ کیا کہیں گے۔ انہوں نے کہا یہ سچ ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی 60سالہ پوٹین کی ذاتی زندگی کے بارے میں اٹھنے والے سوالوں پر بھی روک لگ گئی ہے۔ پوٹین روایتی اقدار میں یقین رکھتے ہیں اور شدت پسند روسی چرچ کے اخلاقی اقدار کو قابل تقلید مانتے ہیں۔ مسٹر پوٹین نے کہا ہم دونوں نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے۔ ہم ایک دوسرے سے مل نہیں پاتے۔ ہم دونوں کی اپنی اپنی زندگی ہے۔ مسٹر پوٹین اور لیوڈ میلا کی شادی 1983 میں ہوئی تھی۔ دونوں کی 2 بیٹیاں ہیں۔ حالیہ دنوں میں لیوڈ میلا کی عوامی پروگراموں میں موجودگی کم ہوگئی تھی، جس کے بعد سے ہی قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں۔ پوٹین نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں ساتھ نہیں رہ رہے ہیں۔ سال 2008ء میں ایک اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ مسٹر پوٹین جمناسٹک میں اولمپک چیمپئن ایلیناکباایوا سے شادی کرنے کی تیاری کررہے ہیں لیکن پوٹین نے اس کی تردید کی تھی۔ پوٹین نے صحافیوں کو انتباہ دیا تھا کہ وہ ان کی ذاتی زندگی میں تاک جھانک کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اس رپورٹ کو شائع کرنے کے چند دن کے بعد ہی اخبار کو اپنا کام کاج سمیٹنا پڑا تھا۔ کباایوا نے بھی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ مسٹر پوٹین سے ان کی ایک اولاد ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں