پاکستان میں فوجی قافلے پر حملہ - 10 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-21

پاکستان میں فوجی قافلے پر حملہ - 10 ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی گشتی ٹیم پر ہونے والے ایک حملے میں فوج کے کم سے کم 5سپاہی ہلاک اور 2زخمی ہوگئے ، جبکہ جوابی حملے میں 4 شدت پسندمارے گئے۔ پاکستان پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی رات پشاور شہر سے تقریباً 15 کیلو میٹر دور متنی کے علاقے سرہ خاورہ میں پیش آیا۔ متنی پولیس اسٹیشن کے انچارج بہرام خان نے بی بی سی کو بتایاکہ فوج کے سپاہی معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران ان پر شدت پسندوں کی طرف سے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ حملے میں کم سے کم فوج کے 5سپاہی ہلاک اور 2زخمی ہوئے۔ پولیس افسر کے مطابق سکیورٹی فورسسز کی طرف سے بھی جوابی کارروائی کی گئی جس میں 4عسکریت پسند مارے گئے۔ تاہم مقامی ذرائع نے مرنے والے سپاہیوں کی تعداد 6بتائی ہے۔ خیال رہے کہ پشاور شہر سے چند کلو میٹر دور سرحدی اور مضافاتی علاقوں میں کچھ ہفتوں سے سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ایک مرتبہ پھر شدت آرہی ہے۔ تقریباً 4 ہفتے قبل اسی علاقے میں پولیس اور ایف سی اہکاروں پر ہونے والے 2حملوں میں 10 کے قریب سکیورٹی اہکار ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پشاور کے ڈیفنس لائن کے طورپر مشہور متنی کا علاقہ اطرا ف سے قبائلی علاقوں خیبرایجنسی، ایف آر پشاور اور ایف آر کوہاٹ درہ آدم خیل سے جڑا ہواہے۔ بتایا جاتاہے کہ یہاں عسکریت پسندوں کے کئی گروہ سرگرم ہیں جس کی وجہہ سے یہاں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر دن کے وقت بھی حملے معمول بن چکے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں بعض علاقے سکیورٹی فورسس کیلئے "نوگو ایریا" بنتے جارہے ہیں۔ اس علاقے میں پہلے مقامی افراد پر مشتمل طالبان مخالف لشکر سرگرم تھے لیکن کچھ عرصہ حکومتی حامی یہ تمام لشکر غیر فعال ہوگئے ہیں۔ عسکریت پسندوں کے حملوں میں لشکر کے کئی اہم رہنما اور رضاکار بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر ان علاقوں کو عسکریت پسندوں کو صاف نہیں کیا گیا تو اس سے پشاور شہر کے اندر حملوں میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ ان دنوں بلوچستان اور خیبر پختونخوا دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں اور اچانک پرتشدد حملے بڑھ گئے ہیں۔

Militants attack military convoy with RPGs in northwest Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں