لندن میں ایک اسلامک سنٹر نذر آتش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-06

لندن میں ایک اسلامک سنٹر نذر آتش

شمالی لندن میں ایک اسلامک سنٹر کو نذر آتش کردیا گیا۔ انسداد دہشت گردی سے وابستہ عہدیداروں نے اسے نسلی محرکات پر مبنی پرتشدد حملہ قرار دیا ہے اور شبہ ہے کہ دائیں بازو گروپ نے یہ کارروائی کی۔ شمالی لندن کے میوزویل ہل میں واقع الرحمہ اسلامک سنٹر کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں نذر آتش کیا گیا۔ میٹرو پولٹین پولیس نے اس شبہ کا اظہار کیا کہ دانستہ طورپر یہ آگ لگائی گئی۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے انسداد دہشت گردی عہدیدار اس حملہ کی تحقیقات کررہے ہیں جسے صومالیہ کے کمیونٹی سنٹر پر نسلی امتیاز پر مبنی پرتشدد حملہ تصور کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے انگریزی الفاظ "ای ڈی ایل" کی اس مقام پر موجودگی کی توثیق کی جس کا مطلب دائیں بازو کی انگلش ڈیفنس لیگ ہے۔ اسلامک سنٹر کی دو منزلہ عمارت میں جگہ جگہ ان الفاظ پر مشتمل پرچے پڑے ہوئے ملے۔ آتشزدگی کے اس واقعہ میں نصف عمارت منہدم ہوگئی۔ آگ لگنے کی وجہہ ہنوز معلوم کی جارہی ہے اور ابتدائی مرحلہ میں شبہ کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی گئی۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان نے بتایاکہ آتشزنی کے اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ لندن کے مئیر بورس جانسن نے اس حملہ کو بزدلانہ ناقابل معافی حرکت قرار دیا۔ ایمرجنسی سرویسیس کو فوری طلب کرلیا گیا تھا اور 6 آتش فرو عملہ نے تقریباً ایک گھنٹہ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعہ کی وجہہ سے متصلہ دو عمارتوں کا تخلیہ کرادیا گیا تھا۔ لندن ایمبولینس سرویس کے مطابق ایک خاتون آتشزدگی کے اس مقام پر صدمہ سے بیمار ہوگئی جس کا علاج کیا جارہا ہے۔ مقامی چیف سپرنٹنڈنٹ نے کہاکہ تمام طبقات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کروائی جائے گی۔ انہوں نے کمیونٹی لیڈرس سے بھی بات کی اور تحقیقات کے بارے میں انہیں واقف کرایا۔ اس اسلامک سنٹر کے کمیونٹی لیڈرس نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ جنوب مشرقی لندن کے وول وچ مقام پر گذشتہ ماہ ایک برطانوی سپاہی کو ہلاک کرنے کا یہ ردعمل تھا۔ یہ اسلامک سنٹر صومالی بریونسی ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے چلایا جارہا تھا۔ ان قائدین نے کہاکہ صومالیہ کے باشندے جو یہاں مقیم ہیں، وہ خوف و دہشت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو کچھ ہوا اس پر ہم سب کو گہرا صدمہ ہے۔ انہوں نے اس حملہ کی سخت مذمت کی۔ اسلامک سنٹر کے ایک شخص ابوبکر علی نے کہاکہ یہاں حالات انتہائی دگرگوں ہوگئے ہیں۔ ایک اور گروپ "فیتھ فائٹرس" جو مخالف مسلم نفرت انگیز مہم میں پیش پیش ہے، 22مئی کو برطانوی سپاہی پر حملے کے واقعے کے بعد سے مسلمانوں کے خلاف مہم میں شدت پیدا کرچکا تھا۔ ہفتہ کو ای ڈی ایل اور دائیں بازو کے ایک اور سیاسی گروپ برٹش نیشنل پارٹی کے ارکان نے برطانوی سپاہی کے قتل کے خلاف بطور احتجاج شہر میں مارچ بھی منظم کیا تھا۔

UK: Mosque, Islamic Cultural Centre Burned Down in London

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں