اترپردیش میں صنعتی ہب کو مرکزی حکومت کی منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-10

اترپردیش میں صنعتی ہب کو مرکزی حکومت کی منظوری

وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہاکہ مرکزی حکومت نے امرتسر سے ہاوڑہ کے درمیان بننے والے "ایسٹرن ڈیڈیکیٹیڈ فریٹ کوریڈور" کے دونوں جانب صنعتی ہب بنانے سے متعلق اترپردیش حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ کوریڈور یوپی کے 20 اضلاع سے ہوکر گذرے گا اور اس کے آس پاس صنعتی سرمایہ کاری ہونے سے علاقہ کی تیزی سے ترقی ہوگی جس کا فائدہ پوری ریاست کو ہوگا۔ وہ آج یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ تقریباً 1840 کیلو میٹر طویل یہ کوریڈور ریاست کے مظفر نگر،غازی آباد، جھانسی، اٹاوہ، کانپور، اوریا، الہ آباد، کوشامبی، وارانسی اور چندولی کے 1049 کلو میٹر علاقہ سے ہوکر گذرے گا یعنی اس کے کل رقبہ کا 57فیصد حصہ اترپردیش میں ہوگا۔ اس راہداری کیلئے ایک ریلوے لائن بچھائی جائے گی جس کے دونوں طرف 150 کلو میٹر تک صنعتی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ اس ریلوئے لائن سے صرف مال گاڑیوں کی ہی آمدورفت ہوگی۔ اس کوریڈو پر یوپی میں کل 40 ریلوے اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ اس پراجکٹ کے حلقہ میں آنے والے علاقوں میں ہتھ کرگھا، دستکاری، قالین صنعت اور دیہی صنعت کی مارکٹنگ اور برآمد کے امکانات بہتر ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی فوڈ پروسیسنگ، کھاد، حرارتی بجلی، سیمنٹ، اسٹیشل اور دیگر صنعتوں کے قیام کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ مسٹر یادو نے بتایاکہ مرکزی حکومت نے اس تجویز کامطالبہ کرکے اس کے قیام کیلئے وزراء کا گروپ قائم کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرا ماننا ہے کہ دہلی سے ممبئی کے درمیان مجوزہ مغربی صنعتی راہداری کی طرح اب مشرقی راہداری جن ریاستوں یوپی، بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال سے گذر رہی ہیں وہ صنعتی طور سے کافی پسماندہ ہیں۔ جبکہ آبادی کے لحاظ سے یہ علاقے انتہائی اہم ہیں۔ اب اس کوریڈور کے بننے سے دونوں جانب کے علاقے صنعتی ہب کے طورپر فروغ پائیں گے جس سے ان علاقوں کی بھی ترقی ہوگی۔ مسٹر یادو نے کہاکہ جاپان اور عالمی بینک کی مدد سے تعمیر کی جانے والی اس راہداری پر وزراپء کا گروپ اپنی رپورٹ ایک مہینے کے اندر پیش کرے گا۔ رپورٹ میں خاص طور سے سہولتوں کی توسیع اور مالی ذرائع پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ انہوں نے گذشتہ 3مارچ کو مغربی راہداری کے آس پاس کے علاقوں کوبھی صنعتی ہب کے بطور فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کو خط لکھ کر درخواست کی تھی اور حکومت ہند نے ان کی بات کو سمجھتے ہوئے اس تجویزکو منظوری دیدی ہے جس کیلئے مرکزی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت ریاست میں صنعتکاری کے لئے کوشاں ہے اور اسی لئے نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی صنعتی پالیسی سے پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور کثیر تعدادمیں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے ریاست کے شہریوں کی ہمہ جہت سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔

Industrial hubs to be created in UP along eastern corridor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں