برازیل - حکومت مخالف مظاہروں میں شدت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-22

برازیل - حکومت مخالف مظاہروں میں شدت

برازیل کے 100 زائد شہرو ں میں ٹیکسوں، ناقص سروسیز اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف 10لاکھ افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مختلف شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ برازیل میں 20 سال کے دوران ہونے والے یہ سب سے بڑے مظاہرے ہیں جو ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کے خلاف 2ہفتے پہلے شروع ہوئے تھے اور اب برازیل کے 100سے زائد شہروں میں پھیل چکے ہیں۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے کئی واقعات بھی پیش آئے جس کے سبب ساؤ پالو ریاست میں ایک 18سالہ لڑکا ہلاک،29افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی اخبار "فولہادی ساؤ پالو" نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایاکہ جمعرات کوہونے والے مظاہروں میں 10لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ میڈیا کے مطابق ملک کے 100 سے زائد شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں سے سڑکیں میدان جنگ کا منظر پیش کررہی تھیں۔ ریوڈی جنیرو میں پولیس نے جمعرات کو دیر سے سٹی حال کی طرف آنے والے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا اور ان پر ربڑ کی گولیاں چلائیں۔ ساؤ پالو شہر میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کے باعث شروع ہونے والی کشیدگی پورے ملک میں پھیل گئی اور اس کے دائرے میں عوامی خدمات، بدعنوانی اور ملک میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ کے اخراجات جیسے مسائل بھی آگئے۔ مظاہرین نے وزارت خارجہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی اور پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دئیے تاہم پولیس نے ان کو ناکام بنادیا۔ پارلیمنٹ کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ ادھر ساؤ پالو میں مطاہرے میں شامل ایک شخص گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔ احتجاج کی شدت کے پیش نظر صدر ڈلماروزیف نے جاپان کا دورہ منسوخ کردیا۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ساؤ پالو میں بی بی سی کے نامہ نگار گیری ڈیوفی نے کہاکہ صدر کے اس فیصلے سے حالات کی نزاکت کا اندازہ ہوتا ہے۔ برازیل میں یہ مظاہرے رواں ماہ کے ابتداء میں شروع ہوئے تھے اور ان میں شامل افراد کا مطالبہ تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کیا گیا 10فیصد اضافہ واپس لیا جائے۔ جب حکومت نے اس مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے پرانے کرائے بحال کئے تو بہت دیر ہوچکی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ حکومت مخالف مظاہروں میں تبدیل ہوگئے۔ فی الحال مظاہرین نے ٹیکسوں میں اضافہ، سرکاری محکموں میں بدعنوانی اور حکومت کی ناقص پالیسیوں کیخلاف محاذکھول دیا۔

Brazil Protests Intensify Despite Concessions

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں