اے پی پبلک سروس کمیشن اسکینڈل - تلگو دیشم کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-10

اے پی پبلک سروس کمیشن اسکینڈل - تلگو دیشم کا احتجاج

چیف منسٹر آندھراپردیش این کرن کمار ریڈی نے آج رقم برائے ملازمت اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق استفسار کیا۔ اے پی پبلک سرویس کمیشن میں چند دن قبل اس اسکینڈل سے تہلکہ مچ گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پولیس عہدیداروں سے کہاکہ اس کی تحقیق مکمل کرکے انہیں ایک رپورٹ پیش کریں۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ پولیس نے قبل ازیں ایک کیس درج کیاتھا۔ جس میں ایک خاتون سندھیا کے اے پی پی ایس سی کے ارکان سے تعلقات کا ذکر کیا گیا تھا۔ گورنمنٹ پالی ٹکنک کالجس میں لکچرر کے عہدہ پر تقرر کیلئے مبینہ طورپر رشوت ستانی کی گئی تھی۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر پولیس نے تحقیق میں تیزی پیدا کردی۔ اے پی پی ایس سی ارکان اور ان کی بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ دریں اثناء تلگودیشم پارٹی کے کئی قائدین کو پولیس نے گرفتار کرلیا جو آج صبح چیف منسٹر کے کیمپ آفس میں گھر کر احتجاج کرنے کی کوشش کررہے تھے جو ملازمت کے اسکینڈل میں ملوث ہیں۔ تلگودیشم پارٹی کے قائد پی کیشو کی قیادت میں کارکنوں نے ریالی منظم کی جو چیف منسٹر کے کیمپ آفس پہنچ کر بورڈ ارکان کو فوری طورپر برخواست کرنے کا مطالبہ کررہی تھی۔ ان احتجاجی ارکان کو سکیورٹی عملہ نے روک دیا جب وہ اندر داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ پولیس نے احتجاجی تلگودیشم قائدین کو گرفتار کرلیا اور انہیں گوشہ محل پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا۔ قبل ازیں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیشو نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن میں خاطیوں کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اے پی پی ایس سی دفتر چوروں اور بروکروں کا اڈہ بن گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر نے پولیس سے کہاکہ وہ آندھراپردیش پبلک سرویس کمیشن (اے پی پی ایس سی) کی جانب سے بھرتی کے عمل میں بے قاعدگیوں کے الزامات کی تحقیقات میں تیزی پیدا کرے۔ چیف منسٹر نے تحقیقات کے موقف کو جاننے ایک رپورٹ طلب کی ہے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ اصل اپوزیشن تلگودیشم پارٹی نے اس مسئلہ پر احتجاج میں شدت پیدا کی ہے۔ تلگودیشم پارٹی قائدین بشمول بعض ارکان اسمبلی کو بھی گرفتار کرنا پڑا جبکہ انہوں نے چیف منسٹر کے دفتر کے قریب احتجاج منظم کیا تھا۔ سینئر تلگودیشم پارٹی رکن اسمبلی پی کیشو نے الزام عائد کیا کہ کرن کمار ریڈی نے تلگودیشم وفد سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تاہم وہ ان الزامات سے پہلو تہی نہیں کرسکتے۔ ہم اس مسئلہ کو بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

APPSC a political asylum, says Chandrababu Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں