رمضان کے دوران 5 ہزار خدام مسجد نبوی میں مامور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-22

رمضان کے دوران 5 ہزار خدام مسجد نبوی میں مامور

مسجد نبویﷺ میں رمضان المبارک کے دوران دنیا بھر سے آنے والے عازمین کی خدمت کیلئے 5ہزار مرد و خواتین خدام تعینات کئے جارہے ہیں۔ مسجد نبویﷺ کے صحن، چھت اور اس کے فرش سمیت شمالی اور مغربی حصوں پر 10ہزار سے زائد قالینوں کی صفائی کو اعلیٰ ترین سطح تک پہنچانے کی خدمات انہیں سونپ دی جائیں گی۔ روزنامہ "الریاض،ل کے مطابق مسجد نبویﷺ کے امور کی دیکھ بھاء کرنے والی صدارتی ایجنسی ہر روز 300 ٹن آب زمزم پانی مسجد میں پہنچائے گی۔ زم زم کے ٹھنڈے پانی کے 13000 کولرز مسجد نبویﷺ کے اندر اور چھت پر نصب کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹھنڈے پانی کے 30 ٹینک اور ڈسپوزیبل گلاسس مسجد کے صحن میں رکھے جائیں گے۔ خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے شروع کئے گئے پراجکٹ کے تحت مسجد نبویﷺ میں نمازیوں اور روزہ داروں کو سایہ فراہم کرنے اور انہیں بارش سے بچانے کیلئے 250 چھتریاں لگائی گئی ہیں۔ اسی طرح روضہ اقدس کی زیارت کیلئے آنے والوں کو مسجد کے صحن میں ٹھنڈی ہوا دینے کیلئے 436 پنکھے بھی لگائے جائیں گے۔ اس سال مسجد نبویﷺ میں آنے والوں کیلئے سعودی انتظامیہ نے رہنمائی اور معلومات کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ مسجد میں روزانہ کے درس کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں پر زائرین کو روضہ مبارک کے آداب اور یہاں پر عبادات کی ادائیگی کا طریقہ بتانے کے ساتھ ساتھ ان کے شرعی مسائل کے جوابات بھی دئیے جائیں گے۔ حرم نبویﷺ میں متعدد مقامات پر مختلف اوقات میں یہ دروس جاری رہیں گے۔ مسجد نبویﷺ اور اس کے فرش کے قالینوں کی خصوصی صفائی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ حرم شریف کے فرش اور قالینوں کو زائرین کے رکھے گئے جوتوں کے گرد سے بچانے کیلئے المونیم کے 3000 صندوق مسجد میں رکھے جائیں گے جن میں زائرین اپنے جوتے رکھ سکیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران اعتکاف میں بیٹھنے والے سعادت مندوں کے سامان کو محفوظ کرنے کیلئے بھی ایک ہزار باکسس بنائے جارہے ہیں۔ مسجد کے داخلی راستوں پر لکڑی کی الماریاں الگ ہوں گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں