پنچایت انتخابات - ممتا حکومت کو کلکتہ ہائیکورٹ کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-11

پنچایت انتخابات - ممتا حکومت کو کلکتہ ہائیکورٹ کا حکم

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو کلکتہ ہائی کورٹ کے اس فیصلہ سے سخت دھکا پہنچا ہے جس میں ہائی کورٹ نے پنچایت انتخابات کیلئے ریاستی حکومت کے اعلان کئے گئے شیڈول کو مسترد کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ نے حکومت مغربی بنگال کے 3مرحلوں میں پنچایت انتخابات کرانے کے اعلان کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ سہ درجاتی پنچایت انتخابات کے سلسلے میں ریاستی الیکشن کمیشن کے حق میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کلکتہ ہائی کورٹ نے آج ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر ریاستی حکومت الیکشن کمیشن کو بتائے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے کتنی سنٹرل فورسز اور مشاہدین مہیا کرائے پائے گی۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس سمدار کی سنگل بنچ کے اس فیصلے کو ریاستی حکومت نے ڈویژن بنچ میں آئندہ پیر کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ میٹنگ کے بعد ریاستی حکومت میں محکمہ پنچایت امور کے وزیر سبرتو مکھرجی نے بتایاکہ ہائی کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس سے ریاست کی پالیسی اور قوانین کے ساتھ کوآرڈنیشن نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ نے 24 گھنٹوں کے اندر ریاستی الیکشن کمیشن کو سنٹرل فورسز مہیا کرانے اور 400 مشاہدین کی فہرست جمع کرنے کو کہا ہے جو انتظامی سطح پر ممکن نہیں ہے۔ فیصلے کو غیر حقیقی بتاتے ہوئے وزیر پنچایت نے کہاکہ سنٹرل فورسز مہیا کرانے سے پہلے ریاستی حکومت کو مرکز سے اجازت لینی ہوتی ہے۔ مرکزی حکومت سے اتنے مختصر وقت کے اندر سنٹرل فورسز مہیا کرانے کی جانکاری ریاست کو نہیں ملے گی ساتھ ہی انتظامی سطح پر 400 مشاہدین کی فہرست بھی 24 گھنٹوں کے اندر ریاستی الیکشن کمیشن کو کرانا ناممکن ہے۔ وزیر پنچایت نے کہاکہ ریاستی حکومت سہ درجاتی پنچایت انتخابات کرانا چاہتی ہے لیکن کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے وہ ان لوگوں کو پسند آئے گا جو انتخابات نہیں چاہتے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں