عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر - مودی حکومت کو ہائیکورٹ کی سخت سرزنش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-11

عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر - مودی حکومت کو ہائیکورٹ کی سخت سرزنش

گجرات ہائی کورٹ نے آج ریاستی حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ اس کے کچھ اعلیٰ عہدیدار 2004ء کے عشرت جہاں فرضی انکاونٹر کیس کے ملزم پولیس اہکاروں کو بچارہے ہیں‘ ان کی مدد کررہے ہیں اور ان کی حمایت کررہے ہیں۔ جسٹس جئینت پٹیل اور جسٹس ابھیلا شاکماری پر مشتمل ایک بنچ نے آئی پی ایس عہدیدار ستیش ورما کی خدمات 30 جون تک فراہم کرنے سی بی آئی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ بات ریکارڈ پر آچکی ہے کہ اس کیس کی تحقیقات میں ریاست کے کچھ اعلیٰ پولیس عہدیدار ملزمین کو بچانے ان کی مدد کررہے ہیں۔ کیس میں سی بی آئی کی پروگریس رپورٹ کو تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عدالت نے یہ ریمارکس کئے۔ سی بی آئی نے یہ رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔ بنچ نے ورما کی خدمات سی بی آئی کو فراہم کرنے میں ریاستی حکومت کے انکار پر بھی حکومت کے ارادوں پر سوال کیاہے۔ عدالت نے کہاکہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ آئی پی ایس عہدیدار کی خدمات کی فراہمی سے ریاستی حکومت انکار کیوں کررہی ہے۔ کیا وہ ایسا کرتے ہوئے تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ بنچ نے کہاکہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس بات کا پتہ چلائے کہ اس انکاونٹر میں حقیقی مجرم کون ہیں اور انہیں منظر عام پر لایا جائے اور انہیں سزائیں دی جائیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ مزید حقائق کو منظر عام پر لانا چاہئے عدالت نے تحقیقاتی ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ اپنی پیشرفت رپورٹ 13 جون کو پیش کرے گی جبکہ کیس کی آئندہ سماعت 14 جون کو مقرر کی گئی ہے۔ اس وقت تک کیلئے مسٹر ستیش ورما کی خدمات سی بی آئی کے سپرد کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں