طارق اور خالد مقدمہ - اترپردیش ریاستی حکومت کا خط عدالت میں پیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-04

طارق اور خالد مقدمہ - اترپردیش ریاستی حکومت کا خط عدالت میں پیش

بارہ بنکی ضلع جیل میں بنگائی گئی خصوصی عدالت میں آج ایڈیشنل سیشن جج ایس سی ایس ٹی ایکٹ مسز کلپنا مشرا نے دہشت گردی کے مبینہ ملزمان محمد طارق قاسمی اور خالد مجاہد کے مقدمہ کی سماعت کے دوران انہیں ڈی جی سی ونود کمار دویدی نے ریاستی حکومت کا خط پیش کیا، جس میں مفاد عامہ کے تحت دونوں ملزمان پر سے مقدمہ واپس لینے کیلئے کہا گیا ہے ۔ فاضل جج نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت کیلئے 10مئی کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ اسی دوران ایک وکیل شیو کمار شکلا نے مقدمہ واپس لینے سے متعلق عرضی پیش کی، جس کو عدالت نے نہ تو منظور کیا اور نہ خارج کیا۔ واضح رہے کہ لکھنو، وارانسی اور فیض آباد کی عدالتوں میں ہوئے بم دھماکوں کے الزام میں ایس ٹی ایف نے 22 دسمبر 2007ء کو محمد طارق قاسمی اور خالد مجاہد کو بارہ بنکی ریلوئے اسٹیشن سے گرفتار کر کے ان کے خلاف شہر کوتوالی میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ قائم کروایا تھا۔ ہائی کورٹ کے حکم پر اس مقدمہ کی سماعت ضلع جیل میں بنائی گئی خصوصی عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج مسز کلپنا مشرا کر رہی ہے ۔ اطلاع کے مطابق گذشتہ 12اکتوبر 2012ء کو ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں ضلع مجسٹریٹ سے مقدمہ کی رپورٹ طلب کی تھی۔ ضلع مجسٹریٹ کی رپورٹ ملنے کے بعد حکومت کے خصوصی سکریٹری راجندر پرساد نے 25اپریل کو ضلع مجسٹریٹ کوخط بھیجا کہ وہ مفاد عامہ میں مذکورہ دونوں ملزمان پر مقدمہ واپس لینا چاہتی ہے ۔ اس لئے اس سلسلہ میں ضروری کار روائی کی جائے ۔ اسی کے بعد 27اپریل کو ضلع مجسٹریٹ نے ڈی جی سی انچارج بھارت سنگھ یادو کو خط لکھ کر حکم دیا کہ وہ مقدمہ واپس لینے کے سلسلہ میں عدالت کی کار روائی آگے بڑھائیں ۔ آج مقدمہ کی سماعت شروع ہونے پر اسے ڈی جی سی ونود کمار دویدی اور ان کے معاون اے ڈی جی سی متھرا پرساد ورما نے عدالت میں حکومت کا حکم نامہ اور ضلع مجسٹریٹ کا خط پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایاکہ اس سلسلہ میں گورنر کی منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت کیلئے 10مئی کی تاریخ مقرر کی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں