ادارہ سیاست کی جانب سے فن خطاطی کے فروغ کی کوششیں قابل ستائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-07

ادارہ سیاست کی جانب سے فن خطاطی کے فروغ کی کوششیں قابل ستائش

فن خطاطی کے ہنر کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے سجادہ نشین آستانہ تاجدار دکن حضور سیدنا خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ تقدس مآب پیر طریقت حضرت علامہ سید شاہ گیسودراز حسینی خسرو پاشاہ نے کہاکہ کئی اقسام کی کیلی گرافی ساری دنیا میں کی جاتی ہے مگر فن خطاطی الفاظ کی خوبصورتی کو دوبالا کر دیتا ہے ۔ انہوں نے قرآنی آیات کی فن خطاطی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ خوبصورت قرآنی آیات کو فن خطاطی کے ذریعہ طغروں کی شکل میں ڈھالنا ایک بابرکت کام ہے ۔ اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم میں ریس کریشن کی جانب سے اندھیرے میں روشن ہونے والے طغروں کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس عظیم فن کا فروغ نہایت ضروری ہے تاکہ فن خطاطی کے ذریعہ قرآنی آیات کو طغروں کی شکل دیکر قرآنی آیات کے طفیل میں فن خطاطی کو عام کیا جاسکے ۔ علامہ نے منتظمین تقریب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قرآنی آیات تو پہلے سے ہی روشن بابرکت ہوتے ہیں مگر ریسں کریشن نے ان آیات میں روشنی بھر کر فن خطاطی کو مزید خوبصورت بنانے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے ادارہ سیاست کی جانب سے فن خطاطی کے فروغ میں کی جانے والی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح اردو کی ترقی و ترویج کیلئے روزنامہ سیاست کی جانب سے کاوشیں کی جا رہی ہیں اسی طرح فن خطاطی کے فروغ کیلئے بھی منظم انداز کی کوششیں ضروری ہیں علامہ نے فن خطاطی کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو ہر ممکن تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم دینیہ گلبرگہ کی جانب سے فن خطاطی کی تربیت کا وہ منصوبہ رکھتے ہیں انہوں نے اس کیلئے ایک قابل استاد کی جاری کوششوں کا بھی اس موقع پر تذکرہ کیا۔ مولانا قبول پاشاہ شطاری (ادیب) نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریس کریشن کی کوششوں کو غیر متنازعہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ افراد کے خاتمہ سے دین ختم نہیں ہوتا انہوں نے دم توڑتی فن خطاطی کی بازیابی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہاکہ ماہر خطاط کے کارناموں کے نقوش آج بھی ہمارے درمیان موجود ہیں ۔ انہوں نے بھی ریس کریشن کے انتظامیہ کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں