جگن موہن ریڈی ضمانت - سپریم کورٹ میں فیصلہ محفوظ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-07

جگن موہن ریڈی ضمانت - سپریم کورٹ میں فیصلہ محفوظ

سپریم کورٹ نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی درخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ محفوظ کر دیا ہے ۔ جگن نے غیر محسوب اثاثوں کے مقدمہ میں ضمانت کیلئے درخواست داخل کی تھی۔ جسٹس پی ستاشیوم کی قیادت میں عدالت عظمی کی ایک بینچ نے کڑپہ ایم پی اور سی بی آئی کے وکلاء کے درمیان مباحث مکمل ہونے کے بعد آج اپنا فیصلہ محفوظ کیا۔ تحقیقاتی ایجنسی نے یہ کہتے ہوئے جگن کو ضمانت کی مخالفت کی کہ اگر انہیں مقدمہ کے اس موڑپر ضمانت پر رہا کیا گیا تو وہ تحقیقات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں اور گوا ہوں کو منحرف کر سکتے ہیں ۔ سی بی آئی نے عدالت کو مطلع کیا کہ اسے تحقیقات کیلئے مزید 4 تا6ماہ کا عرصہ درکار ہے ۔ آنجہانی چیف منسٹر کے فرزند جگن موہن ریڈی 27مئی کو جیل میں اپنا ایک سال مکمل کر لیں گے ۔ سی بی آئی نے عدالت عظمی کو مزید بتایاکہ ممبئی، کلکتہ اور دیگر مقامات پر پیپر کمپنیوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں ۔ سی بی آئی نے مزید کہاکہ ہزاروں کروڑروپے کی معاملتوں سے متعلق جرائم کا دائرہ 7ممالک تک پھیلا ہوا ہے ۔ ملک کی وفاقی ایجنسی نے واضح کیا کہ اس کی تحقیقات کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ سینئروکیل ہریش سالوے نے جگن کی پیروی کرتے ہوئے سی بی آئی پر الزام عائد کیا کہ وہ ہائیکورٹ میں ایک بات کہتی ہے اور سپریم کورٹ میں مختلف بیان دہراتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی بی آئی معزز عدالتوں کو گمراہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے تعجب کا اظہار کیاکہ ان کا موکل آحر تک زیر دریافت قیدی کی حیثیت سے جیل میں محروس رہے گا۔ واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ سال اکتوبر میں جگن کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ بعدازان ان کی ایسی ہی درخواستیں تحت کی عدالت اور آندھراپردیش ہائی کورٹ میں نامنظور کر دی گئیں ۔ جگن کو گذشتہ سال 27مئی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ سی بی آئی کا الزام ہے کہ کئی کمپنیوں اور صنعت کاروں نے جگن کے کاروبار میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے اس وقت کی راج شیکھر ریڈی حکومت سے زبردست مراعات حاصل کیں ۔

Supreme Court reserves judgment on Jagan bail plea

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں