دھرمنا پرساد اور سبیتا اندرا ریڈی - اپنی بےقصوری کا ادعا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-21

دھرمنا پرساد اور سبیتا اندرا ریڈی - اپنی بےقصوری کا ادعا

جگن کے غیر محسوب اثاثوں کے مقدمہ میں ملزم قرار دئیے جانے والے دونوں داغدار وزراء پی سبیتا اندرا ریڈی اور دھرمناپرساد راؤ نے آج ادعا کیا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور انہوں نے کسی غلطی کا ارتکاب نہیں کیا اور انہوں نے پوری ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئیے۔ دونوں وزراء نے آج کیمپ آفس پہنچ کر چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی سے ملاقات کی اور ان کے سامنے اپنا موقف واضح کیا۔ دھرمنا نے بتایاکہ وانپک کو 28 ہزار ایکڑ اراضی کی فراہمی ان کا اپنا انفرادی نہیں بلکہ کابینہ کا اجتماعی فیصلہ تھا اور اس وقت کے وزیر مال کی حیثیت سے انہوں نے احکام پر دستخط کئے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایاکہ ایک کمپنی سے دوسری کمپنی کو صنعتی اغراض کے تحت اراضیات کی منتقلی معمول کا عمل ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے دور حکومت میں بھی ایسے 15معاملات منظر عام پر آئے تھے۔ سبیتا نے وائی ایس راج شیکھر ریڈی کابینہ میں وزیر کانکنی کی حیثیت سے ضروری احکام پر دستخط کئے تھے۔ دونوں وزراء کا کہنا ہے کہ انہیں نظام عدلیہ پر پورا اعتماد ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ بے قصور ثابت ہوں گے۔ استعفوں سے متعلق دونوں وزراء نے کہاکہ انہوں نے پہلے ہی اپنے استعفیٰ چیف منسٹر کے حوالے کردئیے تھے، جبکہ سی بی آئی نے ان کا نام چارج شیٹ میں شامل کیا تھا۔ دونوں نے ادعا کیا کہ انہیں چیف منسٹر کے علاوہ تمام کابینی رفقاء کی اخلاقی حمایت حاصل ہے۔ انہیں صرف اس بات کا دکھ ہے کہ جرم ثابت ہونے سے پہلے ہی انہیں داغدار کہا جارہا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں