80 سالہ پارکر اور 75 سالہ زیب النسا کی عدالت میں خود سپردگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-21

80 سالہ پارکر اور 75 سالہ زیب النسا کی عدالت میں خود سپردگی

شریف دادا پارکر اور زیب النساء قاضی نے آج خود کو ٹاڈا کی خصوصی عدالت کے حوالہ کردیا۔ 1993ء کے ممبئی دھماکوں کے مقدمہ میں سپریم کورٹ نے ان کے جرم کی توثیق کی تھی۔ شریف دادا پارکر کی عمر80 سال ہے جنہیں بائیکلہ کے ہاسپٹل سے لایا گیا اور اسٹریچر پر عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ 75سالہ زیب النساء قاضی جنہیں کینسر کا عارضہ ہے وہیل چیر پرعدالت میں حاضر ہوئیں۔ پارکر کو سینہ میں درد کی شکایت پر جمعرات کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جبکہ زیب النساء کو چند معائنے کروانے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ ٹاڈا کی خصوصی عدالت کے جج جی اے سناب نے جب شریف دادا پارکر کو اسٹریچر پر لیٹا دیکھا تو یہ مشورہ دیا کہ انہیں کچھ دیر کیلئے باہر لیجا یاجائے تاکہ وہ تازہ ہوا لے سکیں۔ بعدازاں جج نے عدالتی عملہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ ان دونوں کو تحویل میں لیتے ہوئے ماباقی سزا مکمل کرنے کیلئے جیل بھیج دیا جائے۔ ان کے ایک ساتھی مجرم اور بالی ووڈ اداکار سنجے دت پہلے ہی جیل جاچکے ہیں۔ جنہیں سپریم کورٹ نے 16مئی تک خودسپردگی کی ہدایت کی تھی۔ شریف دادا پارکر اور زیب النساء قاضی نے صحت کی بنیاد پر خودسپردگی کیلئے مزید مہلت کی درخواست کی تھی لیکن ٹاڈا کی عدالت یہ کہتے ہوئے اس درخواست کو مسترد کردیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کی مہلت میں کوئی تبدیلی نہیں کرسکتی۔ ان دونوں عمر رسیدہ مردوخاتون کی مقررہ وقت پر خودسپردگی نہ ہونے پر عدالت نے دونوں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں کیاگیا۔

Sharif Parkar, Zaibunnisa Kazi surrender

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں