ادارہ سیاست - آسان اردو سی۔ڈی کی رسم اجرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-10

ادارہ سیاست - آسان اردو سی۔ڈی کی رسم اجرا

جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے اردو داں طبقہ پر زور دیا کہ وہ اپنی مادری زبان سے محبت کریں اور اس کی ترویج و ترقی میں عملی طورپر حصہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ اردو کی ترقی اور اس کے بقاء کا انحصار اردو داں پر ہی منحصر ہے۔ وہ آج گولڈن جوبلی ہال احاطہ روزنامہ سیاست میں ادارہ سیاست کی جانب سے ’’اسان اردو‘‘ سی ڈی کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد مخاطب کررہے تھے۔ یہ سی ڈی سیاست ٹکنالوجیز پرائیوٹ لمٹیڈ نے تیار کی ہے۔ کمپیوٹر کے ذریعہ معیاری اردو تعلیدم سے آراستہ کرنے کیلئے یہ سی ڈی مددگار و معاون ہوگی۔ جناب زاہد علی خان نے یہ بھی کہاکہ جب تک اردو والے اپنی زبان سے پوری طرح وابستگی اختیار نہیں کریں گے اس وقت تک زبان کے پھیلنے پھولنے کے امکانات نہیں ہوتے۔ انہوں نے ریاست کیرالا کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ وہ گھر کا ہر فرد اپنی مادری زبان میں شائع کردہ اخبار پڑھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل کے صدر کے پیلس کی تنگ دامنی کا احساس کرتے ہوئے کئی اسرائیلی سرمایہ کاروں نے بھاری رقومات جمع کرکے اسرائیلی کے صدر چک پیش کیا اور ان سے خواہش کی کہ وہ اس رقم کے ذریعہ اپنے پیلس کو توسیع و کشادہ بنائیں۔ اسرائیلی صدر نے کہاکہ وہ اپنے موجودہ پیلس سے مطمئن ہیں البتہ یہ رقم وہ عبرانی زبان کے فروغ کیلئے صرف کریں گے۔ انہوں نے اردو داں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اردو زبان سکھائلیں اور اس زبان کے سرمایہ سے انہیں مالا مال کریں۔ جناب زاہد علی خان نے اس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ مسلم خاندانوں میں لڑکوں کی تعلیم کا رجحان انتہائی مایوس کن ہوتا جارہا ہے بلکہ وہ اپنا زیادہ تر وقت ہوٹلس اور تفریح گاہوں میں گذارنے لگے ہیں جس کی وجہہ سے اعلیٰ تعلیم کی شرح انتہائی کم ہوتی جارہی ہے جبکہ مسلم لڑکیاں تعلیمی میدان میں ترقی کی سمت گامزن ہیں۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے اردو دوستوں سے خواہش کی کہ وہ سی ڈی سے استفادہ کریں اور اپنے رشتہ داروں‘ پڑوسیوں‘ دوست و احباب کو یہ سی ڈی بطور تحفہ دیتے ہوئے انہیں اردو سیکھنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہاکہ ادارہ سیاست نے آج سے 19 برس قبل اردو سکھانے کیلئے زبان دانی‘ اردو دانی‘ انشاء کے کلاسس کا ریاست بھر میں آغاز کیا تھا اور امتحانات کے انعقاد کے ذریعہ ہزاروں بچوں کو اردو خوانگی سے آراستہ کیا تھا اس سی ڈی کی اجرائی بھی اس سلسلہ میں ایک کڑی ہے۔ یہ سی ڈی نہ صرف بچوں بلکہ ان کے ماں باپ کیلئے بھی اہمیت و افادیت رکھتی ہے جو اردو زبان سے ناواقف ہیں۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہاکہ ادارہ سیاست نے قبل ازیں دیڑھ لاکھ سے زائد تعداد میں تجوید القرآن کی سی ڈی جاری کی تھی جنہیں کافی عوامی مقبولیت حاصل ہوئی آج آسان اردو پر مشتمل اسی سی ڈی کے ذریعہ ہزاروں تشنگان اردو کی پیاس بجھائی جاسکتی ہے۔ اردو زبان کی مٹھاس اور چاشنی سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ اس سی ڈی کو دفتر سیاست میں اردو دانی کے مرکز پر جناب حبیب الرحمن صاحب سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ سی ڈی‘ پی سی ایس نے تیار کی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں