فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنا کانگریسی تائید کا اہم مقصد - اکھلیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-24

فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنا کانگریسی تائید کا اہم مقصد - اکھلیش

وزیراعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو نے اشارہ دیا کہ لوک سبھا انتخابات قبل ازوقت بھی منعقد کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تما پارٹیاں بشمول کانگریس لوک سبھا انتخابات کیلئے بالکل تیار ہیں بلکہ یہ کہنا بہتر ہوگا کہ تمام پارٹیاں انتخابات کا بے چینی سے انتظار کررہی ہیں۔ یاد رہے کہ اکھلیش یادو سے یہ استفسار کیا گیا تھا کہ وہ ملک میں لوک سبھا انتخابات کے قبل ازوقت منعقد کئے جانے کے امکانات پر روشنی ڈال سکتے ہیں، جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمام پارٹیاں انتخابات کا انتظار کررہی ہیں اور جب میں اخبارات میں اشہتارات دیکھتا ہوں تو یہ کہنے میں ذرہ برابر تامل نہیں ہے کہ خود کانگریس کو بھی انتخابات کا بے چینی سے انتظار ہے، یو پی اے IIحکومت کی 4سالہ تکمیل پر ترتیب دئیے گئے عشائیہ میں سماج وادی پارٹی کی عدم شرکت کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ ہم نے ایک بار عشائیہ میں شرکت کی تھی۔ دوسری بار جب اس کا موقع آیا تو عشائیہ منسوخ کردیا گیا اور جہاں تک گذشتہ شب کے عشائیہ میں عدم شرکت کی بات ہے تو اس کا جواب نیتا جی (ملائم سنگھ) دے سکتے ہیں۔ نوی ممبئی میں یوپی بھون کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دینے کے بعد اکھلیش یادو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ میڈیا نمائندوں نے ان سے ایک اہم سوال کیا کہ ایس پی اور کانگریس کے خوشگوار تعلقات جیسے پہلے تھے ویسے اب نہیں ہیں، اس کی کیا وجہہ ہے۔ جس کا جواب انہوں نے مسکراتے ہوئے دیا اور کہاکہ یوپی اے حکومت کی ہم جو تائید کرتے ہیں اس کی وجہہ صرف اور صرف ایک ہے کہ فرقہ پرست جماعتوں کو اقتدار سے دور رکھنا۔ اسی لئے کانگریس اور یوپی اے کی تائید کی جاتی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں