اخلاقی اقدار - از سر نو تعریف کا تعین ضروری - صدر جمہوریہ خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-11

اخلاقی اقدار - از سر نو تعریف کا تعین ضروری - صدر جمہوریہ خطاب

خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات سے سماج میں اخلاقی انحطاط کی عکاسی ہوتی ہے۔ صدرجہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہاکہ یونیورسٹیاں تعلیم کے ذریعہ اخلاقی اقدار کی تعریف کا ازسر نو تعین کرسکتی ہیں تاکہ اس رجحان کو روکا جاسکے۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر یونیورسٹی کے جسلہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے پرنب مکرجی نے کہاکہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے واقعات میں اضافہ ان کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت کی اہمیت ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے سماج میں اخلاقی اقدار کے انحطاط کو روکنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اخلاقی اقدار کے ایسے انحطاط کو فوری روکنے کیلئے راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ قومی ترقی‘ انسانی یا اختیاری اور سماجی تبدیلی کیلئے تعلیم ایک اہم عنصر ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہاکہ ہماری یونیورسٹیاں نوجوانوں کی ذہنیت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہیں ہمارے اخلاقی اقدار کی ازسر نو تعریف کا تعین کرنے کے عمل کا آغاز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہا اعلیٰ تعلیم کے ان مندروں کو عصری اخلاقی چیلنجس کا سامنا کرنے کیلئے رہنمایانہ کردار ادا کرنا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہمدردی اور خلوص کی تہذیبی خصوصیات نوجوانوں کے ذہنوں میں پیوست کردی جائیں۔ پرنب مکرجی نے آنجہانی جسٹس جے ایس ورما کو بعداز مرگ ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی۔ پرنب مکرجی نے تعلیمی نظام میں کئی دور رس تبدیلیاں پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں معیار اور مقدار دونوں اعتبارسے چیلنجوں کا سامنا ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں اعلیٰ معیاری تعلیمی اداروں کی تعداد ناکافی ہے جس کی وجہہ سے قابل طلبہ اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک روانہ ہورہے ہیں۔ اگر ہم طلبہ کو خود اپنے وطن میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب نہ دیں سکیں تو یہ ہماری کوتاہی ہوگی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں