شہری علاقوں میں غربت کا خاتمہ - مرکز کی نئی پالیسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-11

شہری علاقوں میں غربت کا خاتمہ - مرکز کی نئی پالیسی

مرکزی وزیر اجئے ماکن نے آج کہا ہے کہ مرکزی حکومت شہری علاقوں میں غربت کے خاتمہ کیلئے اپنی نئی پالیسی قومی شہری روزگار مشن کو بہت جلد شروع کرے گی۔ اجئے ماکن مرکزی وزیر برائے امکنہ اور شہری خاتمہ غربت ہیں وہ آندھراپردیش کے دوروزہ دورہ پر حیدرآباد پہنچے ہیں۔ وہ یہاں پرریاستی حکومت کی جانب سے شہری علاقوں میں غربت کے خاتمہ پروگرام کا جائزہ لینے اور اس پر غور کررہے ہیں۔ انہوں نے کاپر میونسپلٹی کے اندر اندرا نگر سلم علاقے کا دورہ کیا اور اربن سیلف ہلپ گروپس اینڈ ٹاون لیول‘ سلم لیول فیڈریشن ممبرس سے بات چیت کی۔ اس کے علاوہ میونسپل علاقوں میں غربت کے خاتمہ کیلئے جاری مشن کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔ مرکزی وزیر نے سورنا جینتی شہری روزگار یوجنا کا بھی جائزہ لیا اور خاتون ارکان سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہاکہ سلم علاقوں میں رہنے والی خاتون ارکان سے وہ بے حد متاثر رہے ہیں۔ ان خاتون ارکان نے بہتر کام انجام دئیے ہیں۔ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے مثالی ترقی انجام دی گئی ہے۔ یہاں کی ترقی کو پورے ملک میں قابل تقلید بنایا جائے گا۔ خواتین کو با اختیار بناتے ہوئے غریب خاندانوں کی معاشی اور سماجی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہری علاقوں میں رہنے والے غریب افراد کی مدد کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ سیشن میں ایک قانون منظور کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پرریاستی وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی اہم مہیندھر ریڈی نے غربت کے خاتمہ کیلئے اقدامات سے مرکزی وزیر کو واقف کروایا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں