لکھنؤ ہائی کورٹ - سرکاری افسروں کے خلاف تادیبی کاروائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-10

لکھنؤ ہائی کورٹ - سرکاری افسروں کے خلاف تادیبی کاروائی

الہٰ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے جمعرات کو تیسرے دن بھی توہین عدالت کے معاملات میں سخت رخ برقرار رکھا۔ بنچ نے اس سے قبل تعینات کئی پرنسپل سکریٹری سمیت ریاست کے دیڑھ درجن اعلیٰ افسران کے خلاف وارنٹ جاری کرکے عدالت کے سامنے پیش کئے جانے کے احکام دئیے ہیں۔ دوسری جانب ایک دیگر معاملہ میں سمیکت بال وکاس یوجنا‘ سے متعلق ضابطہ بنچ کے حکم کے باوجود نہ بنائے جانے پر عدالت نے ریاست کے چیف سکریٹری جاوید عثمانی کو بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے پرنسپل سکریٹری طب و صحت کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ڈی جی میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈی کے شریواستو کی سروس بک میں منفی اندراج کریں۔ جسٹس سدھیر اگروال کی بنچ نے اس وقت کے پرنسپل سکریٹری رہائش رویندر سنگھ‘ سابق ڈائرکٹر باغبانی دنیش چندر‘ سابق پروجیکٹ ڈائرکٹر یوپی ڈاسپ مکل سنگھل‘ وائس چےئرمین اناؤ ترقیاتی اتھاریٹی اروند کمار دویدی‘ ایس پی بہرائچ‘ ایس پی پرسنل کویندر پرتاپ سنگھ سمیت تقریباً دیڑھ درجن افراد کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرکے بنچ کے سامنے پیش کئے جانے کے احکام دئیے ہیں۔ اپنے حکام میں بنچ نے کہاکہ متعلقہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹوں کے ذریعہ گرفتاری وارنٹ جاری کرکے عدالت میں پیش کیاجائے۔ عدالت نے کہا ہے کہ بنچ کے احکام پر حرف بہ حرف عمل کرنا ہر افسر کی ذمہ داری ہے۔ وہ توہین عدالت معاملہ میں بھی احکام کا حرف بہ حرف عمل کریں۔ ورنہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں