Restore Arabic language in Civil Services exams: E Ahamed
مملکتی وزیر خارجہ ای احمد نے آج وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے سیول سرویسس کیلئے عربی زبان بحال کرنے اور سیول سرویسس میں مسلمانوں کی خاطر خواہ نمائندگی کا مطالبہ کیا۔ یونین پبلک کمیشن نے اپنے حالیہ فیصلہ کے تحت عربی اور دیگر بیرونی زبانوں کو سیول سرویسس مین امتحان کے اختیاری مضامین کی فہرست سے خارج کردیا ہے۔ اس کے نتیجہ میں دینی مدارس سے تعلق رکھنے والے طلباء کا کافی نقصان ہوسکتا ہے۔ ای احمد نے بتایا کہ یوپی اے حکومت ہمیشہ سے ہی عربی زبان کو فروغ دینے کیلئے مسئلہ پر ہمدردانہ رویہ اختیار کرتی رہی ہے۔ ہندوستان میں دیگر زبانوں کی طرح عربی زبان کو بھی اس کا مستحقہ مقام دیا جاناچاہئے‘ کیونکہ ہندوستان کی کئی یونیورسٹیوں میں ماقبل ڈگری‘ انڈر گرایجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کی سطح پر عربی زبان کی درس و تدریس جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جہاں یوپی اے حکومت نے مدرسہ کی تعلیم کو سی بی ایس ای اور دیگر ایجوکیشن بورڈ کے سطح تک معیار بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہیں سیول سرویسس کے اختیاری مضامین سے عربی زبان کو خارج کیا جانا دینی مدارس کے حق میں سراسر نا انصافی ہوگی۔ لہذا اخیاری مضامین میں عربی زبان کو شامل کرنے کیلئے ہمدردانہ طورپر غور کیا جائے۔ مملکتی وزیر خارجہ سیول سرویسس امتحانات کیلئے زمرہ کی مناسبت سے انٹرویو منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں