وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش کرن کمار ریڈی کی نئی دہلی طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-05

وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش کرن کمار ریڈی کی نئی دہلی طلبی

کانگریس ہائی کمان نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کو ان کی کابینہ کے بعض رفقا کی ناراضگی کے پیش نظر آئندہ ہفتہ نئی دہلی طلب کیا ہے۔ کابینہ کے بعض وزرا انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر کی جانب سے فلاحی اسکیمات سے متعلق یکطرفہ اعلانات سے ناراض ہیں۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ضلع اننت پور میں پیر سے 3روزہ عوامی رابطہ کے پروگرام کو منسوخ کردیا ہے تاکہ وہ نئی دہلی جانے کے لئے تیار رہ سکیں تاہم چیف منسٹر کل ضلع مغربی گوداوری میں مرکزی وزیر دیہی ترقیات جئے رام رمیش کے ساتھ بعض پروگراموں میں شرکت کریں گے اور توقع ہے کہ وہ پیر کو دہلی روانہ ہوجائیں گے ۔ نئی فلاحی اسکیمات کے یکطرفہ اعلانات کے باعث چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو اپنے بعض کابینی رفقا کی ناراضگی کا سامنا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر دامو درراج نرسمہا کی زیر قیادت وزرا کے ایک گروپ نے بند کمرہ میں اجلاس منعقد کیا اور چیف منسٹر کے کام کرنے کے طریقہ کار پر ناراضگی ظاہر کی۔ وزراکے اجلاس کے بعد ایک رپورٹ کانگریس کی مرکزی قیادت کو روانہ کردی گئی جس پر بعض وزرا ارکان پارلیمنٹ اور ارکانِ اسمبلی نے دستخط کئے ہیں۔ مبینہ طور پر بعض مرکزی وزرا نے بھی آندھراپردیش میں پارٹی امور اور چیف منسٹر کے تعلق سے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو رپورٹ پیش کی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں