سعودی عرب - غیرقانونی ملازمین کے ویزا کو باقاعدہ بنانے کا موقع - وائیلار روی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-04

سعودی عرب - غیرقانونی ملازمین کے ویزا کو باقاعدہ بنانے کا موقع - وائیلار روی

سمندر پار ہندوستانیوں کے امور کے وزیر وائیلا روی نے سعودی عرب میں غیر مقیم ہندوستانیوں کو اطمینان دلانے کی ایک کوشش کے طورپر اعلان کیا ہے کہ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ اور جدہ میں واقع قونصل خانہ میں مزید عملہ تعینات کیا جائے گا تاکہ اقامہ کی مدت ختم ہو جانے کے سبب غیر قانونی طورپر مقیم افراد کے قیام کو باقاعدہ بنانے اور دیگر دفتری کار روائیوں کو مکمل کرنے میں مدد کی جاسکے ۔ علاوہ ازیں مسٹر وائیلار روی نے اعلان کیا کہ سعودی عرب میں مقامی شہریوں کو ملازمت کی فراہمی سے متعلق نطاقہ پالیسی سے متاثر ہو کر ہندوستان واپس ہونے والے تمام محنت کشوں کو پنشن فراہم کیا جائے گا۔ مسٹر روی نے چار روزہ دورہ سعودی عرب کے اختتام پر گذشتہ روزیہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ "غیر مقیم ہندوستانیوں کو بروقت مؤثر خدمات کی فراہمی کیلئے نہ صرف سعودی عرب بلکہ دیگر خلیجی ملکوں متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، بحران اور عمان میں بھی ہندوستانی سفارتخانوں کی جانب سے مؤثر اقدامات اور کوششوں کو یقینی بنایاجائے گا۔ تازہ ترین اعداد وشمار سے پتہ چلتا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں کام کرنے ولاے ہندوستانیوں کی تعداد سب سے زیاہ ہے ۔ سعودی عرب میں فی الحال 20لاکھ ہندوستانی اور متحدہ عرب امارات میں 18لاکھ ہندوستانی کام کر رہے ہیں ۔ سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں میں آندھراپردیش کے افراد کی تعداد 8لاکھ بتائی گئی ہے ۔ مسٹر وائیلار روی نے کہاکہ سمندر پار ہندوستانیوں کیلئے ایک مثالی پنشن اسکیم گذشتہ سال شروع کی گئی تھی۔ پنشن اینڈ لائف انشورنس فنڈ سے موسوم یہ اسکیم اس لئے موثر طورپر لاگو نہیں کی جاسکی کہ ہندوستانیوں کی کثیر تعداد اس سے باخبر نہیں تھی۔ اس اسکیم کو دوبارہ سرگرمی کے ساتھ نافذ کیاجائے گا جس کیلئے حکومت کی جانب سے 50فیصد پنشن فنڈ فراہم کیاجائے اور خاتون ورکرس کیلئے یہ رقم دگنی کر دی جائے گی۔ اس اسکیم کا مقصد سمندر پار ہندوستانیوں کو وطن واپسی کے بعد ایک نئی زندگی کے آغاز کیلئے سرکاری مدد فراہم کرنا ہے ۔ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانی 55 سال کی عمر میں ملک واپسی کے بعد اس اسکیم سے استفادہ کر سکیں گے ۔ مسٹر وائیلار روی نے اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر وہاں مقیم ہندوستانیوں کے مختلف مسائل کو متعلقہ وزراء سے رجوع کیا اور بالخصوص نطاقہ پالیسی سے متاثر ہونے والے ہندوستانیوں کے مسائل کی یکسوئی پر زور دیا گیا۔ نئی لیبر پالیسی کے متاثرین کے قیام کو قانونی بنانے اور ان کے ویزا کے موقف کو باقاعدہ بنانے کیلئے ان کی نمائندگی پر حکومت سعودی عرب نے اجازت دی ہے ۔ حال ہی میں تشکیل شدہ ہند۔ سعودی مشترکہ پینل کے پہلے اجلاس میں یہ اعلان کیا گیا کہ سعودی عرب پہنچنے والے ہندوستانیوں کو 3ماہ کی رعایتی مدت کے دوران اپنے ویزا کو باقاعدہ بنانے ، نیاروزگار تلاش کرنے یا پھر ہندوستان واپس ہونے کا موقع فراہم کیاجائے گا۔

We will help Indian workers in Saudi Arabia: Vayalar Ravi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں