پاکستانی انتخابات - 150 سے زائد غیرملکی مبصرین کو ویزا اجرائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-04

پاکستانی انتخابات - 150 سے زائد غیرملکی مبصرین کو ویزا اجرائی

پاکستان کے نگراں وزیر اطلاعات عارفی نظامی نے کہا ہے کہ غیر ملکی مبصرین انتخابات کی نگرانی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور 158 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے جا چکے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئندہ دنوں میں مزید غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ کسی دراندازی کو روکنے کیلئے پولنگ کے دن ملک کی سرحدیں بند کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات والے روز پاکستان میں رہنے والے افغان پناہ گزینوں کی نقل حرکت پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ نگراں وزیر اطلاعات نے کہاکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کے علاوہ فوج کی فوری کار روائی کی فورس کو تیار رکھا جائے گا اور 50 ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی بھی کریں گے ۔ دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائرکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ بری فوج سکیورٹی کی فراہمی اور امن و امان برقرار رکھنے سمیت انتخابات سے متعلق دوسرے فرائض کی انجام دہی کیلئے 70ہزار فوجی تعینات کر رہی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے ڈائرکٹر جنرل نے کہاکہ پاکستانی فوج کی ذمہ داریوں میں اس پرنٹنگ پریس کو تحفظ فراہم کرنا شامل ہے جہاں بیلٹ پیپروں کی چھپائی ہورہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ بیلٹ پیپروں کی بحفاظت نقل و حمل، ریٹرننگ افسروں اور پولنگ اسٹیشن کو انتخابی مواد کی فراہمی اور امن و امان برقرار رکھنا بھی فوج کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔

Election 2013 Pakistan - 158 Visas to foreign observers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں