میانمار شہر لاشیو - تشدد پر قابو پانے فوجیوں کی گشت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-31

میانمار شہر لاشیو - تشدد پر قابو پانے فوجیوں کی گشت

میانمار کے شمالی شہر لاشیو میں مسلمانوں کی املاک کی مکمل تباہی کے بعد بدھسٹوں کے ایک آشرم میں سینکڑوں مسلم خاندان پناہ گزیں ہیں۔ آشرم کے چاروں جانب بھاری تعداد میں محافظین تعینات ہیں۔ بدھسٹ بلوائیوں کے ہجوم نے کل شہر کو دہشت زدہ کردیا تھا جس کے بعد 1200 مسلمانوں کو مانسو مونا سٹری کو منتقل کردیا گیا۔ حکام کے تازہ ترین قدم سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ حکومت اب اس مسئلہ کو حل کرنا چاہتی ہے جو سابقہ مذہبی تشدد کے خلاف ردعمل میں آہستہ روی کے لئے ہدف تنقید بنتی رہی ہے۔ لاشیو کے شورشوں سے پتہ چلتا ہے کہ مسلم مخالف تشدد بدھسٹ اکثریت کے حامل ملک میں فوجی حکومت کے خاتمہ کے بعد کتنی دور دور تک پھیل گیا ہے کیونکہ یہ شہر میانمار کے تجارتی دارالحکومت ینگون سے 700 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ صدارتی ترجمان یے ہوت نے ایک بیان میں بتایاکہ کل کے تشدد میں ایک شخص ہلاک اور 5دیگر زخمی ہوئے۔ ایک سینئر پولیس آفیسر نے شناخت مخفی رکھے جانے کی شرط پر بتایاکہ مہلوک شخص مسلمان تھا اورزخمی تمام بدھسٹ تھے۔ انہوں نے بتایاکہ 300 فوجی اور 200 پولیس ملازمین لاشیو میں سکیورٹی ذمہ دارایاں انجام دے رہے ہیں۔ چین سے متصل سرحد پر شمالی مشرقی شہر کی آبادی ایک لاکھ 30 ہزار ہے۔ حکام نے تشدد پر قابو پانے کیلئے نہ صرف فوجیوں کو تعینات کردیا ہے بلکہ ایمرجنسی کے تحت غیر قانونی اجتماع اور شہر میں بلوائیوں کو داخل ہونے سے روکنے کیلئے سڑکوں کی ناکہ بندی جیسے موثر اقدامات کئے ہیں۔ صدارتی ترجمان نے بتایاکہ تشدد کے سلسلہ میں 25افراد سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔

Troops patrol Myanmar city Lashio after violence

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں