دوستان شام اجلاس - امن تجاویز پر تبادلہ خیال متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-23

دوستان شام اجلاس - امن تجاویز پر تبادلہ خیال متوقع

دوستان شام کا اہم اجلاس اردن میں منعقد ہورہا ہے جس میں شامی بحران کے حل کیلئے غور کیا جائے گا۔ دوسری طرف ایسی اطلاعات ہیں کہ حزب اﷲ کے مزید جنگجو دمشق حکومت کا ساتھ دینے کیلئے شام پہنچ گئے ہیں۔ اردن کے دارالحکومت عمان میں ہونے والے فرینڈز آف سیریا کے اجلاس میں برطانیہ، مصر، فرانس، اٹلی، جرمنی، اردو، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ امریکہ سے تعلق رکھنے والے 11اعلیٰ ترین مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ اہکار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اس اجلاس کے دوران اہم علاقائی طاقتوں کے ساتھ ساتھ یوروپی اور امریکی مندوبین مل کر کسی ایک حکمت عملی پر متفق ہونے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس دوران دراصل جائزہ لیا جائے گا کہ شامی خانہ جنگی کے خاتمہ کے حوالے سے ہم کہاں پہنچ سکیں ہیں۔ ادھر انسانی حقوق کے متعدد اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اﷲ کے متعدد جنگجو لبنان کے سرحدی راستوں سے شام میں داخل ہوگئے ہیں تاکہ وہ شامی صدر بشارالاسد کی حامی افواج کے ساتھ مل کر باغیوں کے لڑ سکیں۔ واشنگٹن حکومت نے حزب اﷲ کی طرف سے شام میں مبینہ مداخلت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جبکہ یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ لبنان کی اس تنظیم کے عسکری ونگ کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا ارادہ بنارہی ہے۔

"Friends of Syria" to discuss peace proposal in Amman talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں