قذافی دور کے سینئر عہدیداروں پر پابندی کا قانون منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-07

قذافی دور کے سینئر عہدیداروں پر پابندی کا قانون منظور

لیبیا میں مسلح ملیشیا کے دباؤ میں آکر پارلیمنٹ نیشنل کانگریس نے قذافی کے 42 سالہ دور حکومت میں مختلف اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے والے افسران کو سرکاری عہدے یا انھیں برقرار رکھنے کے خلاف ایک مسودہ قانون منظور کرلیا ہے ۔ قذافی کے خلاف لڑنے والے سابقہ باغیوں نے کئی دنوں تک وزارت خارجہ اور وزارت انصاف کی عمارات کا محاصرہ کیے رکھا تھا اور اس قانون کی منظوری کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ قذافی دور کے افسران کی برطرفی کے اس قانون کے بعد اس مسلح افراد نے وزارتوں کا محاصرہ ختم کردیا ۔ سرکاری ٹیلی وژن پر دکھایا گیا کہ پارلیمان کے 200 ارکان میں سے 124 نے اس قانون کی حمایت کی جبکہ محض چار نے مخالفت کی ۔
قانون کے مطابق جو شخص بھی قذافی کے دور میں (یکم ستمبر 1969 ء سے 20 اکتوبر 2011ء ) اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے ، انھیں سرکاری ملازمتوں سے برطرف کردیا جائے گا ۔ قانون کے متن کے مطابق ملازمتوں پر یہ پابندی دس برس تک نافذ العمل رہے گی ۔ اس قانون کی منظوری کے بعد اب وزیراعظم علی زیدان ، جنرل نیشنل کانگریس یعنی پارلیمان کے صدر محمد یوسف المقریف دونوں متاثر ہوسکتے ہیں کیونکہ وہ قذافی دور میں لیبیا کے سفیر رہ چکے ہیں انہوں نے قذافی کے خلاف بغاوت کے دوران بیرون ملک رہتے ہوئے قذافی کا ساتھ چھوڑا تھا ۔
جنرل نیشنل کانگریس کا دستوری امور سے متعلق کمیشن اس قانون کی حتمی منظوری دے گا ، جس کے بعد کم از کم چار روز راء اور پارلیمان کے پندرہ ارکان بھی فارغ کیے جاسکتے ہیں ۔ پارلیمان کے صدر محمد مقریف کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ فی الحال یہ واضح نہیں کہ آیا کہ محمد مقریف کو بھی فارغ کردیا جائے گا یا نہیں اور صورتحال اگلے دس روز میں واضح ہوجائے گی ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس قانون میں کچھ ترامیم کی جاسکتی ہیں ۔

Libya passes law banning senior Gadhafi-era officials from government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں