پاکستانی قیدی ثنا اللہ کا انتقال - نعش پاکستان کے حوالے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-10

پاکستانی قیدی ثنا اللہ کا انتقال - نعش پاکستان کے حوالے

پاکستانی قیدی ثناء اﷲ خان رنجے جو گذشتہ ہفتہ جموں کی جیل میں ایک ساتھی قیدی کے ساتھ مڈ بھیڑ کے بعد شدید زخمی ہوگیا تھا‘ آج یہاں ان کا انتقال ہوگیا اور نعش کو پی آئی اے کے خصوصی طیارہ کے ذریعہ پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔ 52 سالہ ثناء اﷲ کی نعش پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ہاسپٹل میں میڈیکل بورڈ کی جانب سے پوسٹ مارٹم اور مقامی حکام بشمول پولیس کی طرف سے مختلف ضابطوں کی تکمیل کے بعد پاکستان ایمبیسی کے عہدیداروں کے حوالے کردی گئی۔ ایک سرکاری ترجمان نے یہاں پی ٹی آئی کو بتایاکہ قبل ازیں پاکستان سے خصوصی پی آئی اے طیارہ نعش کو واپس لے جانے کیلئے یہاں پہنچا۔ میڈیا کو ایر ٹرمنل کے اندر داخلے کی اجازت نہیں دی گئی جب نعش کو طیارہ میں منتقل کیا جارہا تھا۔ ثناء اﷲ کے دو رشتہ دار بہنوائی محمد شہزاد اور بھانجہ محمد آصف جو سیالکوٹ سے یہاں منگل کو پہنچے وہ بھی خصوصی طیارہ میں واپس ہوگئے۔ ہاسپٹل کے جاری کردہ میڈیکل بلٹین میں بتایاگیا کہ ’’ثناء اﷲ کو آج صبح لگ بھگ 7بجے مردہ قرار دیا گیا۔ اسے سر پر گہری چوٹ کے سبب اس کے کئی اعضائے رئیسہ ناکام ہوگئے تھے۔ پروفیسر وائی کے بترا کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے اسے بچانے کی حتی المقدور کوشش کی‘‘۔ انہیں جموں کی جیل میں گذشتہ ہفتے ساتھی قیدی نے بری طرح زدوکوب کرتے ہوئے حملے کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ ہاسپٹل کے ترجمان نے بتایاکہ مریض کو دماغی طورپر مردہ حالت میں یہاں لایاگیا اور آج اعضائے رئیسہ کی ناکامی کی وجہہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ زخمی ثناء اﷲ کی حالت گردے ناکام ہونے اور دیگر اعصابی مسائل کی بناء انتہائی ابتر اور نازک ہوگئی تھی۔ ثناء اﷲ کو 1999ء میں گرفتاری کے بعد ٹاڈا کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ جموں جیل میں سزائے عمر قید کاٹ رہا تھا۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان نے بتایاکہ پاکستان کی ثناء اﷲ کو حوالے کرنے کی درخواست پر ہندوستان موثر اقدامات کرے گا اور درکار مدد فراہم کی جائے گی۔ حالیہ افسوسناک واقعات کے پیش نظر ہندوستان نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ دونوں ممالک کے عہدیداران کا ایک اجلاس منعقد کیا جائے اور قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک پر جوڈیشیل کمیٹی کی سفارشات پر پیشرفت کی جائلے۔ ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں پاکستان کے جواب کا انتظار ہے۔

سری نگر۔ وزیراعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداﷲ نے پاکستانی قیدی ثناء اﷲ کے ارکان خاندان کے ساتھ ’’تہہ دل سے معذرت خواہی‘‘ کی ہے۔ ثناء اﷲ چندی گڑھ کے ایک دواخانے میں دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ اظہار تعزیت کچھ عجیب صورتحال کے دوران دینے پر مجبور ہوں لیکن کیا کیا جائے‘ مرنے والوں کے ارکان خاندان کے ساتھ پرستہ دیتے ہوئے اظہار تعزیت تو کیا ہی جاتاہے۔

Pakistani prisoner Sanaullah Ranjay dies, India to hand over body to Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں