پاکستان تاریخی انتخابات 2013 - 70 تا 75 فیصد رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-12

پاکستان تاریخی انتخابات 2013 - 70 تا 75 فیصد رائے دہی

پاکستان کے تاریخی عام انتخابات میں آج قومی اسمبلی اور 4صوبائی اسمبلیوں کے لئے زبردست رائے دہی ہوئی اور کروڑوں عوام نے اپنے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ ملک کے گڑ بڑ زدہ شمال مغربی علاقہ اور جنوبی شہر بندرگاہ کراچی میں ہوئے 3 بم دھماکوں میں کم ازکم 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ طالبان کے حملوں کے خطروں کے باوجود پاکستان کے طول و عرض میں قائم ہزاروں پولنگ اسٹیشنوں کے باہر رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ طالبان نے اپنی دھمکی میں کہا تھا کہ ان انتخابات کو نشانہ بنایاجائے گا کیونکہ یہ انتخابات، طالبان کی دانست میں جمہوریت کے "کافرانہ نظام" کا حصہ ہیں۔ پڑوسی ملک پاکستان کی 66 سالہ تاریخی میں جمہوری طورپر انتخابات کے ذریعہ اقتدار کی منتقلی کی راہ پہلی بار ہموار ہوئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم نے کئی پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ "رائے دہی کا تناسب حیرت انگیز اور ہماری توقعات سے بڑھ کر ہے۔ ان انتخابات کے تعلق سے عوام کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے ہمارا اندازہ ہے کہ رائے دہی کا تناسب 70تا75فیصد ہوگا"۔ (الیکشن کمیشن کے سکریٹری اشتیاق امد خان نے رائے دہی کا تناسب زائد از60فیصد بتایاہے)۔ اسی دوران کراچی میں ہوئی 3 دھماکوں میں 13افرادہلاک اور زائد از40زخمی ہوگئے۔ قبائلی علاقہ شمالی وزیرستان میں جو طالبان اور القاعدہ کا گڑھ ہے اور جہاں لاقانونیت کا دور دورہ ہے، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیاگیا۔ صوبہ جات خیبر، پختون خوا کے بعض حصوں میں بھی خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا۔ آج صبح مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سے یہ اعلانات کئے گئے کہ کسی بھی خاتون کوووٹ ڈالنے نہیں دیا جائے گا۔ شمالی وزیر کے مین ٹاون میراں شاہ کے مکینوں نے یہ بات بتائی۔ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں مذکورہ ٹاون میں پمفلٹس تقسیم کئے گئے تھے جن میں قبائیلوں کو وارننگ دی گئی تھی کہ وہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیں۔ اسلام آباد اور لاہور میں زبردست رائے دہی ہوئی۔ رائے دہندوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے کئی گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑا دیکھا گیا۔ لاہور کے ایک مکین محمد شفیق نے بتایاکہ "میں نے لاہور میں رائے دہندوں کی اس قدر تعداد پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ بالخصوص خواتین اور نوجوانوں میں زبردست جوش و خروش تھا"۔ یہ ’عمران خان کی مہم کا اثر معلوم ہوتا ہے۔ ایک تجزیہ نگار نے اپنا نام بتائلے بغیر کہاکہ پنجا میں رائے دہی کے زبردست تناسب سے سب سے زیادہ فائدہ عمران خان کی تحریک انصاف پارٹی کو ہوگا۔ ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حملوں کی دھمکیوں کے سبب 3 اہم سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی، اے این پی اور متحدہ قومی تحریک نے اپنی انتخابی مہموں کو ڈرامائی انداز میں کم کردیا۔ دائیں بازو کی جماعت اسلامی پاکستان نے رائے دہی بائیکاٹ کیا اور دعوی کیا کہ کئی پولنگ اسٹیشن پر زبردست دھاندلی اور بدانتظامی ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی نے کراچی اور حیدرآباد(سندھ) سے اپنے امیدواروں کو دستبردار کرلینے کا فیصلہ کیا اور انتخابی دھاندلیوں کے خلاف پیر 13 مئی کو پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے۔ قومی اسمبلی کیلئے 5670 امیدوار اپنا مقدر آزمارہے ہیں جبکہ 4صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کیلئے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی تعداد تقریباً 11ہزار ہے۔ پولنگ کا اختتام آج شام (مقامی وقت کے مطابق) 6بجے عمل میں آیا۔ توقع ہے کہ عبوری نتائج کا اعلان کل صبح تک کردیاجائے گا۔ رائے دہی کے دوران امن وضبط کی برقراری کیلئے پاکستان کے طول و عرض میں سکیورٹی عملہ کے ہزاروں نوجوان بشمول 70ہزار سپاہیوں کو متعین کیا گیاتھا۔ کراچی کے ان علاقوں میں جہاں پشتون آبادی کا غبلہ ہے، رائے دہندوں نے مسلح افراد کے خطرات کا جوکھم مول لیتے ہوئے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ کر حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

Pakistan votes in historic polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں