پاکستان میں آج رائے دہی - تشدد کے اندیشے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-11

پاکستان میں آج رائے دہی - تشدد کے اندیشے

پاکستان میں کل انتخابات منعقد ہوں گے۔ لاکھوں رائے دہندے کل اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے جمہوری عمل کو استحکام بخشنے کی کوشش کریں گے۔ ان انتخابات کیلئے مہم انتہائی گہما گہمی والی رہی اور اس دوران تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔ اصل جماعتوں نے تشدد اور حملوں کو دیکھتے ہوئے اپنی بڑی ریالیاں اور جلسے منسوخ کرتے ہوئے انتخابی مہم کیلئے دوسرے راستے اختیار کئے۔ انتخابات سے قبل بھی تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک امیدوار کو حملہ میں ہلاک کردیاگیا جبکہ طالبان نے رائے دہی کے دوران حملے کرنے کا انتباہ بھی دیا ہے۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت والی پاکستان مسلم لیگ (این) ان انتخابات میں واحد بڑی جماعت بن کر ابھرے گی اور اگر وہ دیگر صوبوں میں اچھی کارکردگی دکھانے والی جماعتوں کو اپنا ہمنوا بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو پھر وہ تیسری مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ گذشتہ دنوں کرکٹر سے سیاستدان بننے والے عمران خان کو زبرست انتخابی مہم کے نتیجہ میں تحریک انصاف پاکستان کے امکانات بھی اچھے ہوگئے ہیں اور خاص طورپر صوبہ پنجاب میں ان کی پارٹی کی کارکردگی اچھی ہوسکتی ہے۔ اس صوبے میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد بھی خاصی ہے۔ عمران خان ایک ریلی کے دوران اسٹیج سے گرجانے کے نتیجہ میں زخمی ہونے کے بعد دواخانہ میں شریک ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں کچھ ووٹس ہمدردی کے بھی مل سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی یا پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں جملہ 342 نشستیں ہیں۔ انتخابات 272 حلقوں کیلئے ہورہے ہیں اور مابقی نشستیں سیاسی جماعتوں کی جانب سے خواتین اور اقلیتوں کو دی جاتی ہیں۔ پاکستان میں پارلیمانی انتخابات کیلئے جملہ 4,670 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی ہے جبکہ چار صوبائی اسمبلیوں کیلئے تقریباً 11,000 امیدوار میدان میں تھے۔ تینوں اہم جماعتوں پاکستان تحریک انصاف‘ پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اس بار نوجوانوں کو راغب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ خاص طورپر ایسے نوجوانوں کو راغب کرنے کی کوششیں زیادہ ہوئیں جو اس بار پہلی مرتبہ اپنے ووٹ کا استعمال کرنے والے ہیں۔

Pakistan Elections May Go to the Terrorists

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں