Spot-fixing: Pak umpire Asad Rauf dropped from ICC Champions Trophy
آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ اسکنڈل دن بہ دن گہرا اور وسیع ہوتا جارہا ہے اور آج پاکستان کے متنازعہ امپائر اسد رؤف نے اس اسکینڈل میں مبینہ رول کی بناء آئندہ ماہ برطانیہ میں ہونے والی آئی سی سی چمپئنس ٹرافی سے دستبرداری اختیار کرلی، تاہم یہ اطلاع ہے کہ آئی سی سی نے انہیں چمپئنس ٹرافی سے برطرف کردیا ہے۔ ہندوستانی بولر ایس سریسانت اور ان کی راجستھان رائلس ٹیم کے دیگر 2کھلاڑیوں کی اسپاٹ فکسنگ کے الزامات پر ایک ہفتہ قبل گرفتاری کے بعد اس اسکینڈل کے سلسلے میں آئے دن نئے انکشافات ہورہے ہیں۔ پاکستانی امپائر اسد رؤف آج اس کا نشانہ بنے اور انہوں نے 6تا23 جون ہونے والی چمپئنس ٹرافی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اس اسکینڈل کو ایک نیا رخ دے دیا۔ آئی سی سی نے ایک بیان میں کہاکہ اسد رؤف نے اس لئے دستبرداری اختیار کی کیونکہ ممبئی پولیس کی تحقیقات کے دائرہ میں وہ بھی شامل ہیں۔ اس طرح آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں وہ پہلے امپائر ہیں جن کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہے۔ آئی سی سی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا رپورٹس میں یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ امپائر کے خلاف بھی ممبئی پولیس تحقیقات کرسکتی ہے۔ اسد رؤف کی تنازعات پر مبنی تاریخ رہی ہے۔ گذشتہ سال ان کے ایک غیر معروف ماڈل لینا کپور سے تعلقات رہے اور ان پر الزام عائد کیا کہ جنسی طورپر ہراساں کرتے ہوئے انہوں نے اس ماڈل سے شادی سے انکار کردیا تھا۔ ڈیوٹی شیڈول کے مطابق اسد رؤف یکم جون کو کارڈف میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے مابین وارم اپ میاچ کی نگرانی کرنے والے تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں