پاکستان میں معاشی دھماکہ کرنے نواز شریف کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-29

پاکستان میں معاشی دھماکہ کرنے نواز شریف کا اعلان

پاکستان کے نامزد وزیراعظم نواز شریف نے آج کہاکہ ان کی حکومت پاکستان کا توانائی کا بحران دور کرنے ہر طرح کی کوشش کرے گی۔ تاہم نواز شریف نے عوام کو خبر دار کیا کہ وہ برقی بحران کے چند دنوں اور چند مہینوں میں حل کی توقع نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ برقی کٹوتی ختم کرنے کوئی مہلت نہیں دے سکتے۔ برقی کٹوتی سے پاکستانی عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور صنعتی ترقی رک گئی ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مسلم لیگ (نواز) کی حکومت اس بحران پر جلد ازجلد قابو پانے کی کوشش کرے گی ۔ ہم رات دن کام کرکے برقی بحران کو دور کریں گے۔ تاہم عوام کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ "یوم تکبیر" کے موقع پر نواز شریف نے ایک اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ "یوم تکبیر"1998ء میں پاکستان کے نیوکلیر تجربات کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ نواز شریف نے اپنی تقریر میں برقی بحران پر زیادہ توجہ مرکوز کی۔ برقی بحران کے سبب پاکستان کے چند علاقوں میں 18'18 گھنٹے برقی بند رہتی ہے۔ اس کے نتیجہ میں پرتشدد عوامی مظاہرے بھی ہوچکے ہیں۔ نواز شریف نے کہاکہ وہ 5جون کو وزیراعظم کے عہدہ کا حلف لیں گے اور عوام 6جون کو ہی برقی بحران حل ہوجانے کی امید نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی انتباہ دیاکہ برقی بحران پر قابو پانے کئی سال بھی گذر سکتے ہیں۔ نواز شریف نے کہاکہ کول پلانٹس سے برقی پیداوار شروع ہونے میں ساڑھے تین سال لگ سکتے ہیں۔ شوگر ملوں کے کام کرنے کیلئے 10 ماہ درکار ہوسکتے ہیں۔ نواز شریف نے کہاکہ پاکستان ایک نیوکلیر طاقت ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ 20,20گھنٹے برقی بند رہتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ دوسرے نیوکلیر ممالک میں برقی کی صورتحال ایسی ہی ہے جیسی پاکستان میں ہے۔ ہمیں وہ وجوہات معلوم کرنا ہوگا کہ پاکستان میں کیوں برقی کا بحران ہے۔ ہندوستان بھی ایک نیوکلیر طاقت ہے۔ 1998ء میں ہم چند شعبوں میں ہندوستان کے ہمسرتھے۔ بلکہ بعض امور میں پاکستان، ہندوستان سے آگے تھا۔ ہماری کرنسی طاقتور ہے۔ ہمیں اپنی گریباں میں جھانک کر محاسبہ کرنا ہوگا،آخر کیا بات ہے کہ ہم برقی کو ترس رہے ہیں۔ صنعتوں کو برقی نہیں مل رہی ہے اور گھروں کو برقی نہیں مل رہی ہے۔ کیوں ہماری عام زندگی درہم برہم ہے۔ دواخانوں میں برقی سربراہ نہ ہونے سے آپریشن تھیٹر بند ہیں۔ پاکستان نے1998ء میں نیوکلیر دھماکہ کیا اور اب معاشی دھماکہ کیا جائے گا۔ 5سال کے اندر پاکستان کا معاشی دھماکہ ہوگا۔ آبپاشی اور برقی کی پیداوار کے لئے نئے ڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔ برقی چوری کا انسداد کیا جائے گا۔ جو لوگ بھی برقی چوری کرتے ہیں انہیں سزا کی ضرورت ہے۔ اگر برقی چوری کا انسداد کردیاجائے تو آدھا برقی بحران خود بخود حل ہوجائے گا۔ ہم اچھے ماہرین کو اس مقصد کیلئے جمع کریں گے۔

Nawaz Sharif vows an economic explosion in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں