نواز شریف کی تقریب حلف برداری میں منموہن سنگھ مدعو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-14

نواز شریف کی تقریب حلف برداری میں منموہن سنگھ مدعو

پاکستان مسلم لیگ۔ نواز( پی ایم ایل۔ این) کے سربراہ نواز شریف نے آج کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے اپنی حلف برداری تقریب میں ہندوستانی ہم منصب منموہن سنگھ کو مدعو کرتے ہوئے انہیں "بے انتہا خوشی "ہوگی۔ نواز شریف اپنے اپنے رائے ونڈاسٹیٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اُن سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ ڈاکٹر سنگھ کو دعوت دینے پر غور کریں گے، نواز شریف نے جواب دیا کہ "دعوت دیتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہوگی اور اگر وہ آئیں گے تو اس سے بے پناہ مسرت ہوگی"۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ "میں نے گذشتہ روز انہیں(منموہن سنگھ کو) فون کال کیا تھا۔ ٹیلی فون پر ہم نے کافی دیر تک بات کی۔ انہوں نے مجھے دعوت دی اور میں انہیں مدعو کیا ہوں۔ انہیں مدعو کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہوئی۔ وہ آئیں یا نہ آئیں یہ ایک الگ مسئلہ ہے لیکن میں امید کرتا ہوں کہ وہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے"۔ پاکستان میں جبہ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہی تھا کہ غیر معمولی طورپر انتہائی عجلت میں وزیراعظم منموہن سنگھ نے نواز شریف کو گذشتہ روز ان کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی تھی اور باہم سازگار کسی وقت پر دورہ ہند کی دعوت بھی دی تھی۔ ہندوپاک تعلقات کے ایک نئے دور کا آغازکرنے کیلئے مشترکہ مساعی کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ 63 سالہ نواز شریف نے اس وقت کے ہندوستانی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ امن مساعی شروع کی تھی جسے 1999ء کے بعد پرویز مشرف نے مسدود کردیا تھا۔ نواز شریف نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ہند۔پاک امن مساعی کو بحال کرنے کے عہد کا اظہار کیا۔ دریں اثناء پی ایم ایل۔ این سربراہ نے آج کہاکہ وہ امریکہ کے ساتھ اپنے ملک کے آزمودہ روابط کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں لیکن زوردیا کہ سی آئی اے کے متنازعہ ڈرون حملوں کا ضرور خاتمہ ہونا چاہئے کیونکہ یہ قومی اقتدار اعلیٰ کیلئے "چیلنج" پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈرونس بلاشبہ ہمارے مقتدر اعلیٰ کیلئے آزمائش ہیں۔ بیشک ہم نے اس معاملہ کو نہایت سنجیدگی سے دیکھا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ نہایت نازک مسئلہ ہے اور ہماری تشویش پر مناسب توجہ دینا چاہئے۔ قبائیلی خطوں کی محفوظ پناہ گاہوں میں القاعدہ اور دیگر عسکریت پسندوں کو نشانہ بناتے ہوئے کئے جانے والے سی آئی اے کے ڈرون حملے پاکستان میں تنازعہ بن کر ابھرے ہیں اور یہ موضوع انتخابی مسئلہ بنا ہے۔ عدالت نے بھی حکومت کو ڈرون حملوں کے خلاف اقدامات کی ہدایت دی ہے۔

Nawaz Sharif to invite Manmohan Singh to swearing-in ceremony

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں