پارلیمنٹ ہاؤس میں این۔ٹی۔آر کے مجسمہ کی نقاب کشائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-08

پارلیمنٹ ہاؤس میں این۔ٹی۔آر کے مجسمہ کی نقاب کشائی

تلگودیشم پارٹی کے بانی این ٹی راما راؤ کے ارکان خاندان آج اپنے تمام اختلافات کو فراموش کر کے پارلیمنٹ ہاوز میں این ٹی آر کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے موقع پر ایک جگہ جمع ہوئے ۔ این ٹی راما راؤ کی دوسری اہلیہ لکشمی پاروتی نے بھی لمحہ آخر میں اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کی۔ یہ ایک نادر موقع تھا جس کے دوران آنجہانی قائد کے تمام ارکان خاندان کو ایک جگہ جمع دیکھا گیا۔ این ٹی آر نے 1980ء کے دہے کے اوائل میں تلگو عزت نفس اور وقار کا نعرہ لگاتے ہوئے تلگودیشم پارٹی کا قیام عمل میں لایا تھا۔ این ٹی آر نے 1994ء میں لکشمی پاروتی سے دوسری شادی کی تھی تاہم جنوری 1996ء میں این ٹی آرکی موت کے بعد ان کے ارکان خاندان نے پاروتی کو کبھی قبول نہیں کیا۔ دوسری طرف این ٹی آر کے داماد این چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی امور اور انتظامیہ میں لکشمی پاروتی کی بڑھتی مداخلت کے خلاف قدم اٹھاتے ہوئے این ٹی راما راؤ کو اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا۔ اس موقع پر این ٹی آر کے فرزندان نے چندرا بابو نائیڈو کا ساتھ دیا تھا۔ اسپیکر میرا کمار نے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، قائد اپوزیشن سشما سوراج، کئی مرکزی وزراء اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کی موجودگی میں این ٹی آر کے 9.3 فٹ بلند کانسہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو جنہیں کل ہی دعوت نامہ موصول ہوا، پارٹی ارکان پارلیمنٹ اور قائدین کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔ این ٹی آر کے اداکار فرزندان این بالا کرشنا، این ہری کرشنا، پوتے اور مقبول اداکار جونیر این ٹی آر اور دیگر ارکان خاندان تقریب میں موجود تھے ۔ این ٹی آر کی دختر اور مرکزی وزیر ڈی پورندیشوری، جنہوں نے این ٹی آر کے مجسمہ کا عطیہ دیا، تقریب میں مرکز نگاہ بنی ہوئی تھیں ۔ یہاں اس امر کا تذکرہ دلچسپی سے خالی نہ ہو گا کہ چندرابابو نائیڈو کی اہلیہ بھو ونیشوری اور لوکیش نے تقریب میں شرکت نہیں کی۔ تلگو سوپر اسٹاراور اب مرکزی وزیر سیاحت کے چرنجیوی، اداکارہ سے سیاست داں بن جانے والی رکن پارلیمنٹ جیہ پردا اور ریکھا کے علا ہو مشہور تلگو ادکار موہن بابو کی موجودگی سے تقریب میں چار چاند لگ گئے تھے ۔ ریاست کے چند کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی، تاہم دیگر ارکان تقریب سے دور رہے ، کیونکہ وہ این ٹی آرکو ایک بڑے اعزاز پر ناخوش دکھائی دے رہے تھے ۔ این ٹی آر بنیادی طورپر ایک فلم اداکار تھے ۔ وہ اتنے مقبول تھے کہ ہزاروں مداح ان کی پوجا کرتے تھے ۔ انہوں نے تلگودیشم پارٹی کے قیام کے اندرون 9 ماہ ریاست میں کانگریس پارٹی کو بیدخل کر کے اقتدار پر قبضہ جمالیا تھا۔ اس طرح ریاست کی سیاست میں کانگریس کی اجارہ داری کا خاتمہ ہو گیا تھا۔ انہوں نے انقلابی اسکیمیں جیسے دو روپئے فی کیلو چاول متعارف کروائیں اور نشہ بندی کو نافذ کیا۔ اس کے نتیجہ میں آندھراپریش کی تاریخ کے ایک عظیم قائد بن گئے ۔ نیشنل فرنٹ کی تشکیل میں بھی جو قومی سطح پر قائم کیا گیا تھا اور جس میں غیر کانگریسی پارٹیوں کی اکثریت تھی این ٹی راما راؤ نے اہم رول ادا کیا تھا۔

Speaker unveils NTR bronze statue in Parliament House

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں