کرناٹک میں آج ووٹوں کی گنتی - کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-08

کرناٹک میں آج ووٹوں کی گنتی - کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی

کرناٹک میں کل و وٹوں کی گنتی ہو گی اور شام تک نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ریاستی اسمبلی کیلئے 5مئی کو ہوئی رائے دہی کے موقع پر کئے گئے اگزٹ پول نے کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے لیکن اہم سوال یہ ہے کہ آیا کانگریس کو اپنے بل بوتے پر ایوان میں اکثریت حاصل ہو گی۔ اگزٹ پول نے 224 رکنی کرناٹک اسمبلی میں کانگریس کو 110 تا132نشستوں پر کامیابی کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ جبکہ حکمراں بی جے پی کو شکست فاش ہو گی۔ ریاستی اسمبلی میں اکثریت کیلئے 113نشستیں درکار ہوتی ہیں ۔ یہ سوال موضوع گفتگو بنا ہوا ہے کہ آیا ایسی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے جہاں کانگریس کو اپنے بل بوتے پر اکثریت کیلئے چند نشستیں کم رہیں گے تو کیا ہو گا۔ اس موقع پر سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کرناٹک جنتایکتا (کے جی پی) کے چند قائدین نے شخصی طورپر اشارہ دیا ہے کہ بشرط ضرورت وہ کانگریس کی تائید بھی کر سکتے ہیں ۔ لیکن یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا کانگریس اُن کی تائید کو قبول کرے گی کیونکہ یدی یورپا جب چیف منسٹر تھے کانگریس اور ان کے تعلقات انتہائی تلخ و کشیدہ تھے ۔ مزید برآں یدی یورپا کو رشوت ستانی کے کئی الزامات کا سامنا بھی ہے ۔ کانگریس کو توقع ہے کہ تشکیل کیلئے حکومت اُس کو کسی پر انحصار کرنا نہیں ہو گا۔ بادی النظرمیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ یدی یورپا نے بی جے پی کو شکست فاش دینے کا مقصد حاصل کر لیا ہے ۔ گذشتہ انتخابات میں اگرچہ بی جے پی کو کانگریس سے ایک فیصد کم و وٹ ملے تھے اس کے باوجود اُس کو کانگریس سے 30نشستیں زائد ملی تھیں ۔ مابعد انتخابات کے جے پی کے ایک سابق وزیر بی سری راملو کو بی ایس آر کانگریس بھی چند حلقوں میں زعفرانی جماعت کے امکانات کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے ۔ اتوار کو 223 حلقوں میں رائے دہی ہوئی تھی اور ضلع میسور کے ایک حلقہ پیریا پٹنہ میں بی جے پی کے امیدوار کے انتقال کے سبب انتخابات ملتوی کر دئیے گئے تھے ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہاکہ 8مئی چہارشنبہ کو صبح8بجے و وٹوں کی گنتی کا آغاز ہو گا اور دوپہر تک اکثر نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ کانگریس گذشتہ 7سال سے اس ریاست میں اقتدار پر نہیں ہے ۔

Karnataka vote count today; Congress upbeat, BJP tense

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں