بےقصور نوجوانوں کو جیلوں میں رکھنا دہشت گردی - صدرنشین اقلیتی کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-24

بےقصور نوجوانوں کو جیلوں میں رکھنا دہشت گردی - صدرنشین اقلیتی کمیشن

قومی اقلیتی کمیشن کے صدرنشین وجاہت حبیب اﷲ نے کہاکہ بے قصور افرادکو جیلوں میں رکھنا دہشت گردی کی طرح سنگین جرم ہے اور خطرناک بھی۔ پولیس اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو اس معاملہ میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ وجاہت حبیب اﷲ نے یہ ریمارکس ایک سوال کے جواب میں کئے جس میں ان سے این آئی اے کی جانب سے مالیگاؤں دھماکوں کی تحقیقات کے سلسلہ میں ہندو دہشت گردوں کے خلاف پیش کی گئی چارج شیٹ کے بارے میں پوچھا گیا تھا جبکہ ممبئی پولیس اور سی بی آئی کی جانب سے اس معاملہ میں گرفتار کئے گئے 9مسلم نوجوانوں کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ ممبئی پولیس کا خصوصی دستہ اے ٹی ایس اور سی بی آئی نے قبل ازیں 8 ستمبر 2006ء کو مالیگاؤں میں ہوئے بم دھماکوں کے سلسلے میں 9مسلم نوجوانوں کے خلاف چارج شیٹ پیش کی تھی۔ ممبئی سے 290 کیلو میٹر دور فرقہ وارانہ حساس مالیگاؤں کے یہ نوجوان گذشتہ 5 برسوں سے جیل میں تھے تاہم این آئی اے کی جانب سے ان کی ضمانت کی مخالف نہ کئے جانے پر انہیں رہائی ملی۔ وجاہت حبیب اﷲ نے کہاکہ بے قصور افراد کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالنا انتہائی خطرناک ہے۔ اصل دہشت گرد ہنوز باہر گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی گرفتاریاں نوجوانوں کی زندگیوں پر اثر ڈالتی ہیں اور یہ خوف زندگی بھر ان کا تعاقب کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس معاملہ کو حکومت مہاراشٹرا سے رجوع کرتے ہوئے 9نوجوانوں کی بازآبادکاری کیلئے اقدامات کریں گے۔ اس سلسلہ میں مہاراشٹرا کے ان نوجوانوں کے والدین کے ایک وفد نے وجاہت حبیب اﷲ سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایاکہ اس معاملہ کی جانچ کیلئے قومی اقلیتی کمیشن کی ایک ٹیم مہاراشٹرا بھیجی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ممبئی پولیس نے اس معاملہ میں اپنی غلطی تسلیم کرلی لیکن اس کیس کو سی بی آئی کے حوالہ کیا، بعد اسے این آئی اے کو منتقل کیاگیا۔ اب جب کہ اس مقدمہ میں دیگر افراد کو ملزم بنایا گیا ہے، ان نوجوانوں کو بے قصور قرار دے کر ان کی فوری بازآبادکاری کے اقدامات کرنا چاہئے۔ 8ستمبر 2006ء کو شب برات کے موقع پر 4بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 37افراد جاں بحق ہوئے۔

2006 Malegaon blasts: Minorities panel slams CBI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں