دہلی پر فرقہ پرستوں کو قابض نہیں ہونے دیں گے - لالو یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-16

دہلی پر فرقہ پرستوں کو قابض نہیں ہونے دیں گے - لالو یادو

آرجے ڈی کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر لالو پرساد نے نوجوانوں کو الیکشن میں آر جے ڈی کی جانب سے 50فیصد ٹکٹ دئیے جانے کا آج اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ان کی رگوں میں جب تک خون کا ایک قطرہ بھی باقی رہے گا دہلی کی گدی پر فرقہ پرست طاقتوں کو قابض نہیں ہونے دیں گے۔ وہ یہاں منعقد پریورتن ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ ریاستی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔ نوکر شاہی میں اضافہ ہوا ہے، عوام کے فلاحی منصوبے زمین سے کوسوں دور ہیں، کرائم کا گراف بڑھا ہے، بجلی پانی کیلئے لوگ پریشان ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس اقتدار کو اکھاڑ پھینکا جائے۔ پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں چلچلاتی دھوپ کے درمیان منعقدہ راشٹریہ جنتادل کی پریورتن ریلی میں پارٹی سپریمو لالو پرساد سمیت دوسرے تمام لیڈروں نے ریاست میں برسر اقتدار این ڈی اے حکومت اور وزیراعلیٰ نتیش کمار پر جم کر ہلہ بولا اور عوام سے موجودہ حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کیلئے متحد ہونے کی اپیل کی۔ بہار میں 15 برسوں تک اقتدار میں قابض رہنے والے لالو پرساد نے 28/اکتوبر 2007ء کو تاریحی گاندھی میدان میں منعقدہ چیتاونی ریلی کے بعد آج بدھ کو پریورتن ریالی کی۔ لوک سبھا کے آئندہ انتخاب کیلئے سیاسی ریہرسل ، ورکروں اور حامیوں میں جوش بھرنے اور انہیں سرگرم کرنے، اپنی سیاسی طاقت دکھانے کے مقصد سے منعقد ریلی میں آئی بھیڑ پہلے کی ان کی ریلیوں کا ریکارڈ نہیں توڑ پائی۔ انہوں نے ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی اور تمام مذاہب کے لوگوں کے اتحاد پر زوردیتے ہوئے کہاکہ بہار سیکولر ریاست ہے، یہاں کے عوام ملک توڑنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں اگلی سیکولر حکومت میں آرجے ڈی کی حصہ داری ہوگی۔ انہوں نے ہاتھ جوڑ کر اور سرجھکا کر کہا ہم عوام کے سامنے سرنگوں ہیں۔

Lalu Prasad launches his sons at massive anti-Nitish rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں