ہندوستان کو پرکشش شرائط پر تیل کے کنوؤں کی ایرانی پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-28

ہندوستان کو پرکشش شرائط پر تیل کے کنوؤں کی ایرانی پیشکش

ایران سے تیل کی خریداری میں ہندوستان کی جانب سے نمایاں کمی پر مضطرب ایران نے آج ہندوستان کو پرکشش شرائط پر سمندر کے راستے گیاس پائپ لائن کی ہندوستان تک تنصیب کی پیشکش کی ہے تاکہ پاکستان کو نظر انداز کیا جاسکے۔ اس سے ہندوستان کی تیل کی درآمدات میں اضافہ کا امکان ہے۔ ایران کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت ایران کے وزیر تیل رستم قاسمی کررہے ہیں تاکہ حکومت ہند کو ترغیب دی جاسکے کہ وہ تیل کی خریداری میں اضافہ کریں جس میں 2012-13کے دوران ایک کروڑ 33 لاکھ ٹن کمی کی گئی ہے۔ گذشتہ سال ایک کروڑ 80لاکھ۔ ٹن کمی کی گئی تھی۔ جاریہ سال درآمدات میں مزید کمی کا امکان ہے کیونکہ منگلور ریفائنری و پٹرو کمیکل لمیٹیڈ جس نے 2012-13 میں 39لاکھ ٹن ایرانی تیل خریدا تھا جاریہ مالی سال میں اب تک اس نے ایرانی تیل درآمد نہیں کیا ہے۔ قاسمی نے ہندوستان کو اپنا بھائی اور عظیم پڑوسی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ ان کا اجلاس ثمر آور ثابت ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان عظیم تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے وزیر تیل ایم ویرپا موئیلی سے ڈھائی گھنٹہ طویل ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے تبادلہ خیال کی تفصیلات کا انکشاف کرنے سے انکار کیا۔ تاہم کہاکہ بعض مسائل اور مشکلات درپیش ہیں جن کی یکسوئی ضروری ہے۔ وہ ایران سے درآمد اور ایران میں سرمایہ کاری پر مغربی ممالک کی تحدیدات کا درپردہ حوالہ دے رہے تھے۔ ذرائع نے کہاکہ ایران، ایران۔ پاکستان۔ ہندوستان گیاس پائپ لائن کا راستہ تبدیل کرتے ہوئے اسے زیر سمندر پائپ لائن کے ذریعہ پاکستان کو مکمل نظر انداز کرتے ہوئے ایران سے ہندوستان گیاس منتقل کرنے کا انتظام کرسکتا ہے۔ ہندوستان نے پائپ لائن پروگرام میں اس کے تحفظ کے بارے میں اندیشوں اور پاکستان کو اسی کے ذریعہ گیاس کی سربراہی پر اندیشوں کی وجہہ سے اس میں شرکت سے انکار کردیاتھا۔ ایران نے متبادل طریقہ کے طورپر سیال شکل میں گیس بحری جہازوں کے ذریعہ روانہ کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن انشورنس کے مسائل کی وجہہ سے اس تجویز پر عمل نہیں ہوسکا۔

Iran offering attractive terms for oil sale to India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں