ہند پاک تعلقات علاقائی استحکام کے لیے نہایت اہم - چینی وزیراعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-23

ہند پاک تعلقات علاقائی استحکام کے لیے نہایت اہم - چینی وزیراعظم

وزارت خارجہ چین کے ترجمان ہونگ لی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم چین لی کیقیانگ ہندوستان کے دورہ کے بعد پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک دوست پڑوسی دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری کے ذریعہ پیدا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان سے تعلقات میں مثبت پیشرفت دیکھی گئی ہے۔ دونوں ممالک کے قائدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تعلقات بہتر بنانے کے پابند ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ جنوبی ایشیاء کے دو بڑے ممالک ہندوستان اور پاکستان کے باہمی تعلقات علاقائی امن و استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ کل وزیراعظم چین اپنے 3روزہ دورہ ہند ختم کرچکے ہیں اس کے دوران انہوں نے علاقائی اور عالمی شراکت داروں کی حیثیت سے کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا تھا۔ مارچ میں وزیراعظم چین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد لی کیقیانگ کے اولین سرکاری بیرونی دورہ کی دوسری منزل پاکستان ہے۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب چین کے وزیراعظم لی کیقیانگ اپنے پہلے دورہ پاکستان پر آج یہاں پہنچ گئے اور ان کا سرخ قالین پر استقبال ہوا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور نگران وزیراعظم میزہزار خان کھوسو نے خود چینی قائد کا اسلام آباد کے قریب واقع فوجی ہوائی اڈے پر آمد پر استقبال کیا۔ اسلام آباد نورخان بیس میں معزز مہمان کو 19توپوں کی سلامی دی گئی اور فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ چین کے وزیراعظم پاکستان کے دوروزہ دورے کے دوران میزبان صدر، وزیراعظم اور نواز شریف کے بشمول قومی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ 57سالہ لی کے ہمراہ اعلیٰ اختیاری وفد ہے جس میں وزیر خارجہ وانگ یے، وزیر کامرس گاؤ ہوچینگ اور صدرنشین قومی ترقیاتی اصلاحات کمیشن ژؤشاؤ شی، اعلیٰ رتنے کے عہدیداران اور کارپوریٹ سیکٹر کے قائدین شامل ہیں۔ لی آج ہی صدر زرداری سے ملاقات کررہے ہیں جنہوں نے قصر صدارت میں مہمان لیڈر کیلئے ظہرانہ ترتیب دیا ہے۔ چینی وزیراعظم نگران وزیراعظم سے بھی بات چیت کریں گے۔

Indo-Pak ties important for region's stability: China

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں