سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی - ملازمتوں کو باقاعدہ بنائیں یا واپس ہو جائیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-08

سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی - ملازمتوں کو باقاعدہ بنائیں یا واپس ہو جائیں

سعودی عرب میں سفیرہند نے ہندوستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے دی گئی 3ماہ کی مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے کاغذات کو باقاعدہ بنالیں یا پروقار انداز میں اپنے وطن ہندوستان واپس ہو جائیں ۔ سعودی عرب کی جانب سے نئی لیبر پالیسی نطاقۃ کے رائج کئے جانے کے بعد غیر مقیم ورکرس کو ملک چھوڑدینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ سفیر ہند برائے سعودی عرب حامد علی راؤ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ریاض میں ہمارے سفارتخانہ اور جدہ میں ہمارے قونصل خانہ کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم اپنے ہندوستانی بھائیوں کی مدد کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے ۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کو سعودی عرب میں رہنے کیلئے اپنے کاغذات باقاعدہ بنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے یا پروقار انداز میں اپنے وطن واپسی کا مشورہ دیا جا رہا ہے ۔ سفیر ہند نے کہاکہ میں تمام ہندوستانیوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنے موقف اور اقامہ کو درست کر لیں ۔ ہم ایک بیرونی سرزمین پر رہ رہے ہیں لہذا ہمیں اس ملک کے قوانین کا احترام کرنا چاہئے اور ان کی پابندی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے سعودی شاہی حکومت سے اظہار تشکر کیا کہ اس نے نطاقۃ پروگرام سے متاثر ہونے والے ورکرس کو اپنا ویزا موقف درست کرنے کیلئے 3ماہ کی مہلت فراہم کی۔ اس کا انسانیت پر مبنی اقدام قابل ستائش ہے ۔ ہماری ایمبسی کی جانب سے سعودی حکام سے ربط پیدا کیا جا رہا ہے اور نطاقۃ پالیسی سے متاثرہ افراد کی انسانی بنیادوں پر مدد کی درخواست کی گئی ہے ۔ وزارت لیبر اور ہندوستانی سفارت خانہ کے درمیان حال ہی میں ان تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایک جوائنٹ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے ۔ سعودی عرب میں تقریباً 2ملین غیر مقیم ہندوستانی ہیں جو ہنوستانی غیر قانونی طورپر سعودی عرب پہنچے ہیں انہیں اپنا ویزا موقف باقاعدہ بنانے کی اجازت دی جائے گی تاکہ وہ اپنا روزگار تلاش کر سکیں ۔

Indians in Saudi Arabia asked to regularise papers or leave: Envoy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں