آئی پی ایل 2013 - اسپاٹ فکسنگ پر راجستھان رائلز کے کھلاڑی گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-17

آئی پی ایل 2013 - اسپاٹ فکسنگ پر راجستھان رائلز کے کھلاڑی گرفتار

انڈین پریمیر لیگ( آئی پی ایل) کو آج تک کے اپنے سب سے بڑے بحران سے اُس وقت دوچار ہونا پڑا جب راجستھان رائلس ٹیم کے ہندوستان کھلاڑیوں فاسٹ بولر ایس سری سانت اور ان کے ساتھ 2کھلاڑیوں اجیت چنڈیلا اور انکیت چوہان کو دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے ممبئی میں کل رات گرفتارکرلیا۔ یہ گرفتاریاں اسپاٹ فکسنگ الزامات کے تحت عمل میں لائی گئیں۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کے خلاف راجستھان رائلس کے آئی پی ایل میاچ کے بعد یہ گرفتاریاں عمل میں آئی۔ سری سانت کو ان کے ایک دوست کی قیام گاہ سے پکڑلیا گیا جبکہ چنڈیلا اور چوان کو نریمان پوائنٹ میں ٹیم کی ہوٹل سے پکڑلیاگیا۔ کرکٹرس اور بکیز پر قانون تعزیرات ہند کی دفعات 420(دھوکہ دہی)، اور 120-B (سازش مجرمانہ) کے تحت الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ مزید پوچھ تاچھ کیلئے انہیں ذریعہ طیارہ دہلی لے جایا جارہا ہے۔ امکان ہے کہ ان کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے معطل کردیا جائے گا۔ انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ اس سلسلہ میں جلد رسمی اعلان کرے گا۔ اس معاملہ کو کرکٹ کنٹرول بورڈ کی تادیبی کمیٹی سے رجوع کیا جائے گا جس کے صدر ارون جیٹلی ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا کوئی اور کھلاڑی ’اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہے، دہلی پولیس کمشنر نیرج کمار نے پی ٹی آئی کو ایک ٹکسٹ پیام کے ذریعہ بتایا کہ "اس بارے میں ہم نہیں جانتے"۔ تحقیقاتی عہدیداروں نے بتایاکہ ٹیلی فون ریکارڈس کے علاوہ ان کے پاس بی بی ایم اور Whatapp کے ذریعہ بھیجے گئے پیامات کے شواہد موجود ہیں۔ پولیس نے ممبئی میں 7بگیز اور دہلی میں 3بگیز کو گرفتار کرلیا ہے۔ دہلی میں مزید2بگیز کی تلاش جاری ہے۔ مذکورہ اسپاٹ فکسنگ واقعہ خود آئی پی ایل حکام کیلئے صدمہ کا باعث ہوا۔ اسی دوران صدرنشین آئی پی ایل راجیو شکلا نے بتایاکہ انہیں تفصیلات کا انتظار ہے۔ اسی دوران راجستھان رائلس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ واقعہ پر اس ٹیم کے منتظمین کو بڑا صدمہ ہوا۔ آئی اے این ایس کے بموجب راجستھان رائلس(آر آر) کے مشترکہ شلپاشٹی اور راج کندرا نے آج کہاکہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے تحت ان کے 3فرنچائز کھلاڑیوں کی گرفتاری پر انہیں بڑا صدمہ ہوا۔ شلپاشٹی نے سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ "آر آر ایک ایسی ٹیم ہے جو مل جل کر کھیل مقابلہ کرتی ہے۔ راہول پیش پیش رہتے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ کھیل کے موقع پر ایسا واقعہ پیش آیا۔ یہ مرحلہ بھی گذر جائے گا۔ ہمیں آر آر کے تعلق سے یہ خبر سن کر بڑا صدمہ ہوا اور ہم سنبھلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مذکورہ معاملہ کے تعلق سے مزید اطلاعات اور ٹھوس ثبوت ملنے پر ہم ردعمل کا اظہار کریں گے۔ قبل ازیں راج کندر نے بھی مذکورہ واقعہ اور اس کے وقوع کے وقت کے تعلق سے مایوسی کا اظہار کیا اور کہاکہ آئی پی ایل ٹیموں کیلئے میاچ فکسنگ ممکن نہیں تھی لیکن وہ کھلاڑی جن میں دیانتداری کا فقدان ہے، اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں۔ کندرا نے اپنے ٹوئٹر پیام میں یہ بات بتائی۔ ایک پرہجوم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر نیرج کمار نے کہاکہ اسپیشل سیل کے عہدیداروں نے کھلاڑیوں اور سٹہ بازوں کے درمیان سینکڑوں گھنٹوں کی گفتگو کو ریکارڈ کیا ہے اور 14افراد کو اس ضمن میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکینڈل کے بیرونی ممالک اور پاکستان سے بھی روابط ہیں۔ تاہم انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم ٹولی کے کسی رکن سے روابط کا اب تک کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے لیکن اس امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے آج ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کہاکہ اس اسکینڈل میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے جب ان سے انڈر ورلڈ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ ہم اس شخص کا نام جانتے ہیں لیکن یہ ایک فرضی نام ہے۔ اسی لئے صحافت کے روبرو انکشاف نہیں کیا جاسکتا۔ یہ شخص دبئی کا فون نمبر استعمال کررہا تھا لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ کسی دوسرے مقام پر رہتے ہوئے بھی دبئی کا نمبر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ لیکن ممبئی پولیس ذرائع نے بتایاکہ ایسے فون کالس جن میں تقریباً2 درجن پاکستان سے ہیں اس کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ دہلی پولیس کمشنر نے بتایاکہ مشتبہ افراد پر اپریل سے ہی نظر رکھی جارہی تھی اور ان سٹہ بازوں کا تعلق دہلی، گجرات، مہاراشٹرا، پنجاب سے ہے۔ اس کے علاوہ بعض کھلاڑی بھی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ انہوں نے بعض ویڈیو کلپس کا حوالہ دیا اور ساتھ ہی ساتھ کھلاڑیوں اور سٹہ بازوں کے مابین مکالمے بھی پڑھ کر سنائے۔

IPL 2013: Sreesanth, Chandila, Chavan caught fixing, IPL in a spot

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں